وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ کا مزدوروں کے عالمی دن کے موقعہ پرپیغام

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقعہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم مئی پوری دنیا میں مزدوروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جاتا ہے۔اس دن شکاگو میں محنت کشوں نے پوری دنیا کے مزدوروں کے بنیادی حقوق کی اہمیت اور اپنی حیثیت منوانے کیلئے ظلم و جبر کے سامنے سرجھکانے کے بجائے اپنی جانیں قربان کرکے مزدور طبقہ کے حقوق کی جدوجہد کی تاریخ مرتب کی۔
انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ یوم مئی کورونا وائرس جیسی عالمی وباء اور اس کے نتیجے میں نافذ کیے گئے لاک ڈائون کے دوران آیا ہے اور اس لاک ڈائون کے باعث سب سے زیادہ مزدور طبقہ متاثر ہوا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے مزدور طبقے اور لاک ڈائون سے متاثر ہونے والے افراد کیلئے راشن بیگس کی تقسیم کے علاوہ ان کی بحالی کے متعدد اقدامات کئے ہیں جیسا کہ حکومت سندھ نے آجروں کو ہدایت دی ہے کہ مزدورں کو نوکریوں سے نہ نکالیں اور انہیں تنخواہیں دینے جیسے اہم اقدامات کئے ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم مزدوروں کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے صرف نعرے بازی پر یقین نہیں رکھتے بلکہ عملی اقدام اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مزدوروں کے حقوق کی حفاظت بہتر انداز میں کرنا جانتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے ہمیشہ مزدورں کے حقوق کی بات کی ہے اور مزدورں کو حقوق دیئے ہیں۔ یوم مئی کے موقعہ پر ہم ایک بار پھراس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم حکومتی سطح پر مزدوروں کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے اور مزدوروں کیلئے رہائشی منصوبوں، کارخانوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کو تمام تر طبی سہولتیں فراہم کی جائینگی اور مزید مزدور دوست اقدامات کئے جائیں گے اور مزدور طبقے کی بحالی اور ان کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے دن رات کام کرتی رہے گی۔
عبد الرشید چنا
میڈیا کنسلٹنٹ وزیراعلیٰ سندھ