اچھا انسان کھو دیا‘عرفان خان کے انتقال پر صبا قمر سمیت دیگر پاکستانی اداکار افسردہ

کراچی: بالی ووڈ کے وراسٹائل اداکار کے ساتھ ہندی میڈیم فلم میں کام کرنے والی اداکارہ صبا قمر سمیت دیگر پاکستانی اداکاروں نے عرفان خان کے انتقال افسوس کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ صبا قمر نے 2017 میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم میں عرفان خان کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے تھے، دونوں کی اداکاری کو مداحوں نے بہت سراہا تھا اور اس فلم نے باکس آفس پر 100 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی تھی۔

صبا قمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’عرفان خان عظیم اداکار تھے، جن سے بہت کچھ سیکھا، اُن کے کام کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے، میں اُن کی صحت کے بارے میں پوچھتی رہتی تھی مگر دورانِ علاج کبھی رابطہ نہیں ہوا‘
بل ازیں اداکارہ نے انسٹاگرام پر فلم ’ہندی میڈیم‘ کے سیٹ کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ عرفان خان کے انتقال کی جب سے خبر سنی ہے، بہت افسردہ ہوں، ایسا لگتا ہے ’ہندی میڈیم‘ کے سیٹ سے کل ہی واپس آئی ہوں
انہوں نے مزید لکھا کہ ‘آپ میرے محسن ہیں، مجھے بطور اداکار بہت کچھ سکھایا، بہترین اداکار جلد اس دنیا سے چلا گیا اور یہ سنیما انڈسٹری کا بہت بڑا نقصان ہے’۔

بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے عرفان خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ ہمیشہ سونے (قیمتی شے) کی طرح ہمیں یاد رہیں گے، اللہ آپ کو پرسکون مقام عطا فرمائے۔ آمین
اداکارہ سجل علی نے عرفان خان کے انتقال پر حیرانی اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اُن کے لیے اس خبر پر یقین کرنا بہت مشکل ہے۔
پاکستانی اداکارہ ارمینا رانا خان نے لکھا کہ آج میں بے حد افسردہ ہوں، میں عرفان خان کے کام کی مداح تھی اور خاص طور پر اُن کی فلم ’لائف آف پی‘ کی بہت زیادہ گرویدہ تھی، اُن کا انتقال فلم انڈسٹری کے لیے بڑا نقصان ہے
اداکارہ اشنہ شاہ نے لکھا کہ ’عرفان خان کے جانے سے اداکارہ کے میدان میں ایک خلا پیدا ہوگیا جسے پُر کرنا بہت مشکل ہے
پاکستانی اداکار شان شاہد نے عرفان خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ میرے لیے بہت زیادہ صدمے کی خبر ہے، عرفان خان کے اگلے سفر کے لیے میری تمام دعائیں ہیں، اللہ اُن کی روح کو سکون دے اور انہیں جنت میں جگہ عطا فرمائے‘۔

اداکار شان نے عرفان خان کے اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا بھی کی اور لکھا کہ یہ ایک ایسا اداکار جو آئندہ نسلوں تک یاد رکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ 53 سالہ عرفان خان کولون (بڑی آنت) کے انفیکشن کے باعث ممبئی کے کوکیلابین دھیروبھائی امبانی اسپتال میں گزشتہ روز داخل ہوئے تھے، جہاں آج وہ چل بسے، عرفان خان کی والدہ کا تین روز قبل انتقال ہوا ، لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ اپنی والدہ کے جنازے میں راجستھان نہیں جاسکے تھے جس کی وجہ سے وہ شدید رنجیدہ تھے