پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 20 ہلاکتیں

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد میں سے ایک دن میں 20 ہلاک ہو گئے ہیں۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ روز 751 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے جبکہ ملک میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 301 ہو گئی ہے۔ منگل کو جاری کیے گئے اعداد وشمار کے مطابق ملک میں 11 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ تین ہزار 300 سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کے ٹیسٹ کرانے کی رفتار بہت کم ہے اور اس کی وجہ ملک میں کٹس کی کمی بتائی جاتی ہے۔ ملک میں کل 14 ہزار افراد بیماری سے متاثر ہوئے ہیں۔ کورونا کے سب سے زیادہ مریض پنجاب میں ہیں جن کی تعداد چھ ہزار سے زائد ہے جبکہ ہلاکتیں خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 104 ہوئی ہیں۔ پنجاب میں 91 اور سندھ میں 85 افراد ہلاک ہوئے۔