وفاقی کابینہ اراکین کی تعداد 50، جن میں 18 غیرمنتخب

وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں شامل اراکین کی تعداد 50 ہوگئی ہے، جن میں 18 ایسے اراکین بھی شامل ہیں جنہیں عوام نے منتخب نہیں کیا۔

کابینہ میں وفاقی وزراء، وزراء مملکت، مشیروں و معاونین خصوصی کی تعداد نے اپنی نصف سنچری مکمل کرلی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت میں وفاقی وزراء کی تعداد 27، وزراء مملکت کی تعداد 4 اور مشیروں کی تعداد 5 ہے۔

اسی طرح وزیراعظم عمران خان نے اپنے لیے مختلف محکمہ جات کے امور دیکھنے کےلیے 14 معاونین خصوصی بھی کابینہ میں شامل کیے ہوئے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کی کابینہ میں عوامی امور نمٹانے کے لیے ایسے 18 افراد بھی شامل ہیں جنہیں عوام نے منتخب ہی نہیں کیا۔

عاصم باجوہ معاون خصوصی اطلاعات، شبلی فراز وزیر اطلاعات مقرر

نئے معاون خصوصی لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کو وفاقی وزیر یا وزیر مملکت کا درجہ نہیں دیا گیا۔

وزیر اعظم نے دو معاونین خصوصی کو وفاقی وزیر کا درجہ دیا ہوا ہے، جن میں ثانیہ نشتر اور محمد شہزاد ارباب شامل ہیں۔

اسی طرح وزیر اعظم عمران خان نے کئی اہم وزارتوں کا قلمدان اپنے پاس رکھا ہوا ہے جن میں وزارت تجارت اور وزارت ماحولیات تبدیلی شامل ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ پارلیمانی امور، خزانہ اور وزارت صحت کے انچارج بھی وزیر اعظم عمران خان خود ہیں۔

واضح رہے کہ وزارتِ سمندر پار پاکستانیز کا قلمدان بھی وزیراعظم عمران خان کے پاس ہے۔