شبلی فراز کون ہیں؟-عاصم سلیم باجوہ کون ہیں؟

‎۔۔۔ ‎۔۔۔ طارق اقبال

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و سینیٹر شبلی فراز کو وزیر اطلاعات و نشریات مقرر کردیا جبکہ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان سے عہدہ واپس لے لیا گیا۔

فردوس عاشق اعوان کی جگہ سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو وزیر اعظم کا نیا معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر کردیا گیا ہے۔

کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق عاصم سلیم باوجوہ کو اعزازی طور پر وزیر اعظم کا معاون خصوصی مقرر کیا گیا ہے۔

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ٹوئٹ کے ذریعے وفاقی کابینہ میں ہونے والی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شبلی فراز اور عاصم سلیم باجوہ مل کر ایک بہترین ٹیم بنائیں گے۔

شبلی فراز کون ہیں؟
یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے سینیٹر شبلی فراز کو اگست 2018 میں سینیٹ میں قائدِ ایوان مقرر کیا تھا۔

وہ شبلی فراز 2015 میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر خیبرپختونخوا سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔

شبلی فراز ایوان بالا میں قائمہ کمیٹی برائے ٹیکسٹائل اور تجارت اور قائمہ کمیٹی برائے گردشی قرضہ کے چیئرمین کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔

شبلی فراز پاکستان کے معروف شاعر فراز احمد فراز کے صاحبزادے ہیں۔

عاصم سلیم باجوہ کون ہیں؟
دوسری جانب لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ ریٹائرمنٹ سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)، ڈی جی آرمز اور کمانڈر سدرن کمانڈ سمیت دیگر اہم عہدوں پر فائز رہے۔۔۔گزشتہ سال نومبر میں وفاقی حکومت نے انہیں پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کا چیئرپرسن مقرر کردیا تھا۔

واضح رہے کہ وفاقی کابینہ میں یہ ایک ماہ میں دوسری تبدیلی ہے۔

6 اپریل کو وزیر اعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مخدوم خسرو بختیار کو وفاقی فوڈ سیکیورٹی کی وزارت سے ہٹا دیا ہے اور انہیں اقتصادی امور کا وفاقی وزیر بنا دیا گیا ہے۔

کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام اب قومی فوڈ سیکیورٹی کی وزارت سنبھالیں گے۔

اسی طرح حماد اظہر وزیر اقتصادی امور کی جگہ اب وزیر صنعت کا قلمدان سنبھا لیں گے۔