دورہ آسٹریلیا: بھارتی ٹیم پر سفری پابندیاں ہٹانے پر غور

بھارتی ٹیم کا دورہ آسٹریلیا ممکن بنانے کیلئے سفری پابندی سے استثنیٰ دینے پر غور شروع کر دیا گیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں مصروف آسٹریلوی حکومت نے فی الحال سخت ترین اقدامات اٹھا رکھے ہیں،دوسری طرف کرکٹ کی سرگرمیاں معطل ہونے سے مالی مشکلات کا شکار بورڈ نقصان کی تلافی کے لیے راستے تلاش کر رہا ہے ،آسٹریلوی وزیراعظم سکاٹ موریسن نے سٹیٹس اور میڈیکل پینل کو ہدایت دی تھی کہ وہ کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کے لیے ممکنہ اقدامات تجویز کریں۔
ذرائع کے مطابق آسٹریلوی بورڈ کی کوشش ہے کہ رواں سیزن کے آخر تک اگر حالات قدرے بہتر ہو جائیں تو بھارتی ٹیم کو بلانے کیلئے سفری پابندیوں میں نرمی کردی جائے،رواں برس بھارت کیخلاف سیریز بند دروازوں میں کھیلی جا سکتی ہے جس کیلئے ایڈیلیڈ اوول کو ممکنہ وینیو قرار دیا جا رہا ہے جس کیلئے کھلاڑیوں کو گراؤنڈ کے نئے ہوٹل میں ٹھہرایا جائے گا ۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹس کے مطابق گورننگ باڈی ہر ممکن طور پر تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے رواں سال کے اختتام تک شیڈول سیریز کو یقینی بنانا چاہتی ہے کیونکہ کھلاڑیوں کی تنخواہیں جاری رکھنے کا انحصار بھارت کیخلاف سیریز پر بھی ہے ۔یاد رہے کہ یہ سیریز نہ ہونے سے آسٹریلوی بورڈ کو 300 ملین ڈالر کا نقصان ہوگا