رمضان کے بابرکت مہینے میں حقوق اللہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ حقوق العباد بھی یاد رکھیں: عمیر سولنگی

رمضان کے بابرکت مہینے میں حقوق اللہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ حقوق العباد بھی یاد رکھیں: عمیر سولنگی

کراچی: بلاول ہاؤس میڈیا سیل کے سابق رکن و سابق سیکریٹری اطلاعات پی پی پی کلچرل ونگ کراچی ڈویژن عمیر سولنگی نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان المبارک کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بابرکت مہینے میں غریبوں اور سفید پوش لوگوں کو یاد رکھیں۔

عمیر سولنگی نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے اور اس سال رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے کا موقع بھی دگنا ہے۔ عمیر سولنگی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے سبب لاکھوں خاندان کا گزر بسر مشکل ہوگیا ہے اور بحیثیت مسلمان ہماری یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم مذہب، رنگ و نسل اور کسی بھی قسم کی تفریق کے بغیر انسانیت کی خدمت کریں۔ عمیر سولنگی نے کہا کہ رمضان کا مہینہ گناہوں کی بخشش کا ذریعہ ہے اس لئے حقوق اللہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ حقوق العباد بھی یاد رکھیں کیونکہ کسی کا دل دکھا کر سجدوں میں پڑے رہنا سوائے مشقت کے کچھ بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسان خطا کا پتلا ہے، غلطیاں انسان سے ہی سرزد ہوتی ہیں مگر بہترین انسان وہ ہے جو اپنی غلطی کو تسلیم کرے اور اسے سدھارنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ میں رمضان کے بابرکت مہینے کے طفیل ان تمام لوگوں کو معاف کرتا ہوں جنہوں نے جانے انجانے میں میرا دل دکھایا کیونکہ اللہ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگنے سے پہلے اس کے بندوں کو معاف کرنا انسان کے لئے بخشش کا راستہ آسان بنا سکتا ہے۔ عمیر سولنگی نے کہا کہ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے سبب پیدا ہونے صورتحال کے سبب بےروزگار ہونے والے مزدوروں اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کی خاموشی سے مدد کریں کیونکہ نیکی کی تشہیر اس کے اجر کو زائل کر دے گی۔ بعد ازاں عمیر سولنگی نے دعا کی کہ اللہ ‏تعالی رمضان کے بابرکت مہینے کے طفیل تمام انسانوں کو اپنے حفظ و امان میں رکھے، گمراہی سے بچائے اور ہمارے پیارے ملک کو امن و سکون کا گہوارہ بنائے