سی ای او موبی لنک نے کرونا ریلیف فنڈ کے لیے 5 کروڑ کا چیک دے دیا

آج وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی زلفی بخاری اور جاز کے سی ای او عامر ابراہیم نے خصوصی ملاقات کی۔

ملاقات میں سی ای او جاز نے وزیر اعظم کو کرونا کی وبا کے سلسلے میں قائم ریلیف فنڈ کے لیے 5 کروڑ روپے کا چیک پیش کیا، اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کرونا ریلیف فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالنے والے تعریف کے مستحق ہیں۔ انھوں نے معاون خصوصی زلفی بخاری کی خصوصی کوششوں کو بھی سراہا۔ مجموعی طور پر کمپنی کی جانب سے 20 کروڑ روپے کا ریلیف پیکج دیا گیا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے کمپنی کے سی ای او اور ملازمین کی جانب سے کرونا ریلیف فنڈ میں عطیہ دینے کے عمل کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سیلولر کمپنی جاز کے سی ای او نے کرونا وائرس ریلیف کے سلسلے میں بڑا اعلان کیا تھا، اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے جاز کمپنی کے سی ای او عامر ابراہیم نے کہا تھا کہ کرونا ریلیف کے لیے 1.2 بلین روپے (1 ارب 20 کروڑ) مختص کیے گئے ہیں، یہ رقم آیندہ 3 ہفتوں میں خرچ کی جائے گی

Courtesy Ary Urdu