گورنر سندھ سے پاکستان ریٹیل بزنس کونسل کے وفد کی گورنر ہاﺅس میںملاقات ایسوسی ایشن کا آن لائن بزنس کی اجازت دینے کا مطالبہ، گورنر سندھ کا اتفاق، کاروباری سرگرمیوں کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔گورنر سندھ

گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کاروباری حضرات کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سرگرمیاں ترتیب دیں گے اور اس ضمن میں دنیا بھر میں اختیار کئے گئے اصولوں کو پیش نظر رکھا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ریٹیل بزنس کونسل کے وفد سے گورنر ہاﺅس میںملاقات کے دوران کیا۔ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے وفد میں شمعون سلطان، چیئر مین زید بشیر، سہیل خان، عابد عمر، یاسین پراچہ، الطاف ہاشوانی، جنید ڈانڈیا اور اسفندیار فرخ شامل تھے۔ ملاقات میں کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال، کاروباری سرگرمیوں پر اس کا اثر، اس کے تدارک کے اقدامات اور کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایسوسی ایشن کے وفد نے مطالبہ کیا کہ انہیں امریکہ، برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک کی طرز پر آن لائن کاروبار کی اجازت دی جائے، گورنر سندھ نے اس سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ کورونا اور لاک ڈاﺅن کے باعث آن لائن بزنس کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریٹیل انڈسٹری اپنے ملازمین کو سہولیات فراہم کرنے اور ان کی مشکلات کم کرنے کے لئے اقدامات کرے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ ریٹیل انڈسٹری کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کریں گے۔ ایسوی ایشن کے عہدیدار شمعون سلطان نے کہا کہ کورونا اور لاک ڈاﺅن کے باعث ریٹیل انڈسٹری بہت زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریٹیل سیکٹر کو کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کےلئے حکومت کی مدد درکار ہے، خصوصاً آن لائن بزنس کی اجازت سے ریٹیل سیکٹر کو فائدہ ہوگا