ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد ) کے سابق چیئرمین ، ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ (یوبی جی ) کے رہنما محمد حنیف گوہر نے لاک ڈاءون میں تعمیراتی شعبے کوباضابطہ کھولے جانے کی اجازت و اعلان پر وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے تشکر کا اظہار

کراچی،15 اپریل2020: ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد ) کے سابق چیئرمین ، ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ (یوبی جی ) کے رہنما محمد حنیف گوہر نے لاک ڈاءون میں تعمیراتی شعبے کوباضابطہ کھولے جانے کی اجازت و اعلان پر وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی اور معیشت میں بلڈنگ اینڈ کنسٹرکشن انڈسٹری ایک کلیدی کردار رکھتی ہے ۔ جب کہ حکومتِ سندھ کے گرے سٹرکچر کی تعمیر کے اجازت کے پہلے مرحلے کے مثبت نوٹیفیکشن سے ملکی معیشت کو سہارا ملے گا ۔ حنیف گوہر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کوشروع سے ہی ادراک تھا کہ کورونا وائرس سے نہ صرف انسانی جانوں کو بلکہ معیشت کو بھی خطرات لاحق ہیں ۔ وزیراعظم کا شروع دن سے موقف رہا ہے کہ لاک ڈاءون میں غریب ممالک امیر ملکوں کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا ۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے سربراہ نے بھی آج کی پریس کانفرنس میں عمران خان کے اس موقف کی تائید کی ہے ۔ حنیف گوہر نے کہا کہ سندھ میں بھی تعمیراتی شعبے کو ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت دینے پر وزیراعلیٰ سندھ کا اقدام قابل ستائش ہے ۔ انھوں نے کہا کہ تعمیراتی شعبے کو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے،جی ڈی پی کی نمو میں اس شعبے کا اہم کردار سمجھا جاتا ہے،تعمیراتی شعبے کے متحرک ہونے سے 70 سے زائد دیگر صنعتوں کا پہیہ بھی چل پڑتا ہے ۔ حنیف گوہر نے کہا کہ وفاقی او ر سندھ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاءو کے لیے بہترین انتظامات کی پوری دنیا نے تعریف کی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہم وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ایس او پیز پر مکمل عمل کرتے ہوئے مرحلہ وار تعمیراتی سرگرمیاں شروع کریں گے ۔ وزیراعظم عمران خان نے صنعتکاروں اور بلڈرزاور ڈیولپرزکے دل جیت لیے ہیں جس سے سرمایہ کاری بڑھے گی اور معیشت کو فروغ ملے گا ۔ حنیف گوہر نے تمام شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا سے بچاءو کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ہدایات پر مکمل عمل کرتے ہوئے اپنی اور اپنے خاندان کے افراد کی جانوں کو محفوظ بنانے کے لیے غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں ۔

شکریہ

محمد حنیف گوہر

سابقہ چیئرمین (آباد )، سابقہ نائب صدر ( ایف پی سی سی آئی)،