پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 6500 سے متجاوز، اموات 123 ہوگئیں

پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرین اور اموات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور اب تک 6 ہزار 506 افراد متاثر جبکہ 123 جان کی بازی ہارچکے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں 26 فروری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور ابتدا میں اس وائرس کا پھیلاؤ کم تھا تاہم گزشتہ 15 روز میں اس میں بہت زیادہ تیزی دیکھنے میں آرہی ہے۔
ملک میں وائرس کی روک تھام کے لیے مختلف نوعیت کی پابندیاں اور جزوی لاک ڈاؤن کو بھی 30 اپریل تک بڑھا دیا گیا ہے تاہم وائرس کے سبب اموات میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
گزشتہ روز ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی سے یہ رپورٹس آئی تھیں کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ہسپتالوں میں مردہ لائے جانے والے مریضوں اور شرح اموات میں اضافہ ہوا ہے جس سے ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے
اگر کورونا وائرس کے آج (جمعرات) کو سامنے آنے والے کیسز کو دیکھیں تو ابھی تک پنجاب، اسلام آباد اور گلگت میں نئے کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔
پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک رپورٹ ری ٹوئٹ کی جس میں پنجاب کے کیسز کی تعداد 3217 تک پہنچ گئی۔

ٹوئٹر پر عثمان بزدار کی جانب سے ری ٹوئٹ کی گئیں وزارت قومی صحت کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 201 نئے کیسز سے تعداد 3217 جبکہ مزید 6 اموات سے صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 34 تک پہنچ گئی ہے۔
اسلام آباد
ادھر سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 5 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔
وفاقی دارالحکومت میں سامنے آنے والے ان 5 نئے کیسز کے بعد وہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 145 تک پہنچ گئی۔
گلگت بلتستان
وہی گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے نئے مریض سامنے آگئے، جس کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 237 تک پہنچ گئی۔
سرکاری سطح پر یہ بتایا گیا کہ گلگت بلتستان کے کیسز 234 سے بڑھ 237 تک پہنچ گئے ہیں۔
صحتیاب
تاہم ان کیسز اور اموات کے باوجود پاکستان میں مریض تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں۔
اعداد و شمار کو دیکھیں تو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 199 مریض مکمل شفایاب ہوگئے۔
جس کے بعد ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد 1446 سے بڑھ کر 1645 تک پہنچ گئی ہے۔
ان نئے کیسز اور اموات کے بعد اگر ملک میں مجموعی تعداد کو صوبوں اور علاقوں کے حساب سے دیکھیں تو پنجاب میں 3 ہزار 217 کیسز اور 34 اموات ہیں۔
اس کے بعد سندھ میں 1668 کیسز اور 41 اموات، خیبرپختونخوا میں 912 کیسز اور 42 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔
بلوچستان میں کیسز کی تعداد 281 اور اموات 2 ہیں، گلگت بلتستان میں 237 متاثرین ہیں اور 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔
اسلام آباد میں 145 افراد کے متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک موت بھی ہوچکی ہے جبکہ آزاد کشمیر میں سب سے کم 46 افراد متاثر ہیں اور ابھی تک کوئی موت نہیں ہوئی