رمضان المبارک میں مساجد میں اجتماعات اور نماز تراویح کا کیا ہوگا؟ صدر عارف علوی نے گورنرز اور علمائے کرام کا اجلاس بلالیا

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے رمضان المبارک کی آمد پر مساجد میں اجتماعات اور نماز تراویح سے متعلق سفارشات کی تیاری کے لئے تمام صوبوں کے گورنرز اور علمائے کرام کا اجلاس 18 اپریل کو طلب کر لیا ہےسرکاری میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ منگل کو ایوان صدر میں ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور بین المذاہب ہم آہنگی پیر نورالحق قادری نے شرکت کی۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ صدر مملکت تمام صوبوں کے گورنرز، آزاد جموں وکشمیر کے صدر اور علمائے کرام کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کریں گے۔ کورونا وبا کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں ان سے نماز تراویح سے متعلق رہنما اصولوں اور سفارشات پر مشاورت کی جائے گی۔
علمائے کرام کی سفارشات سے حکومت کو جامع پالیسی وضع کرنے میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ سماجی فلاح وبہبود میں تعاون کے لئے زکوة اور خیرات دیں جو کہ اس مقدس مہینے مساجد اور مدارس کے ذریعے دی جاتی ہے