جہانگیر ترین کی یہ بات درست ہے کہ پنجاب کے کچھ حلقوں میں ہماری پانچویں پوزیشن بھی نہیں تھی

پی ٹی آئی سینیٹر ولید اقبال کہتے ہیں کہ 2013ء کے انتخابات کے بارے میں دھاندلی کے بارے میں جہانگیر ترین کے بیان سے کچھ حد تک اتفاق اور کچھ اختلاف ہے۔ جیو نیوز کے پروگرام ”جیو پارلیمنٹ “ میں میزبان ارشد وحید چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے ولید اقبال کا مزید کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کی یہ بات درست ہے کہ پنجاب کے کچھ حلقوں میں ہماری پانچویں پوزیشن بھی نہیں تھی ،دھرنا بالکل درست تھا ، پی ٹی آئی نے آئینی اور جمہوری حق استعمال کیا تھا ۔ پروگرام میں ریویو کمیٹی کے سربراہ تسلیم نورانی نے بھی گفتگو کی ۔تسلیم نورانی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ان کی رپورٹس کو سراہا ضرور مگر عمل نہیں کیا ، ہمارا تجزیہ بتاتا تھا کہ امیدواروں کی سلیکشن انتہائی برے طریقے سے کی گئی تھی ۔عمران خان نے لوگوں کو بلینک ٹکٹ بھی دیئے ، لوگوں کو شکایت تھی کہ عمران خان باتیں مان جاتے ہیں لیکن عمل درآمد نہیں کرتے تھے ، انہوں نے مزید کہاکہ انٹرا پارٹی الیکشن کے لئے ہم نے 20؍ لاکھ لوگوں کو لسٹ بھی مرتب کرلی پورا سوفٹویئر تیار ہوگیا تو عین اسی وقت پارٹی لیڈر شپ میں ایک جھگڑا شروع ہوگیا ، ہماری تجویز ضلع ،ریجنل اور صوبے کے لیول پر پانچ سے چھ بندے کی تھی تاہم جو عمران خان کے دائیں بائیں تھے انہوں نے عمران خان کو قائل کرلیا کہ پارٹی الیکشن صرف صدر کی ہونی چاہئے ۔