ایک دن میں ریکارڈ 14 اموات، ملک میں متاثرین کی تعداد 5 ہزار سے متجاوز

پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور آج بھی مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
اگر دنیا بھر میں اس وائرس کا شکار ہونے والے لوگوں کو دیکھیں تو یہ تعداد تقریباً 17 لاکھ کے قریب ہے جبکہ اموات کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔
پاکستان میں اس وائرس کا پھیلاؤ مارچ کے آخر تک اتنا زیادہ نہیں تک تاہم اپریل کے آغاز سے اس میں کافی تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔
ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 5 ہزار 30 جبکہ اموات 86 تک پہنچ گئیں۔
ہفتہ 11 اپریل کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آئے جبکہ ایک ہی روز میں ریکارڈ 14 اموات ریکارڈ کی گئیں
سندھ
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں مزید 104 کیسز اور 6 اموات کی تصدیق کی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک مختصر ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ سندھ میں مزید 104 لوگوں کے متاثر ہونے سے تعداد 1318 ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں 20 فیصد ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جو دنیا کی اوسط سے بھی زیادہ ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے 6 لوگ انتقال کرگئے۔
صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اب تک 28 لوگ اس وائرس سے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 919 لوگ ہمارے پاس زیر علاج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے اس مرض کے اعداد و شمار کے حساب سے کافی پریشان کن تھے اور یہ اچھی خبر نہیں ہے اور ہمیں مزید سخت لاک ڈاؤن کی ضرورت ہے۔
پنجاب
ادھر صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 74 کیسز اور 2 اموات کی تصدیق کردی گئی۔
ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ قیصر آصف نے بتایا کہ پنجاب میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2410 ہوگئی ہے۔
ان 2410 کیسز کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ زائرین سینٹر میں 701، رائے ونڈ سے منسلک 747 افراد، 80 قیدیوں اور 882 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔
ساتھ ہی انہوں نے صوبے میں مزید 2 اموات کی تصدیق کی اور بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر یہاں اموات 21 ہوچکی ہیں جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد 39 ہے۔
بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹوئٹ کے ذریعے مزید 15 کسیز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 2425 ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ 892 مریض مختلف اضلاع کے ہسپتالوں کے ہیں جبکہ باقی کیسز تبلیغی مراکز، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور جیل میں قائم قرنطینہ کے ہیں.
اسلام آباد
سرکاری اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ نے اسلام آباد میں مزید 6 کیسز کی تصدیق کی۔
جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 107 سے بڑھ کر 113 ہوگئی ہے۔
خیبر پختونخوا
خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے 41 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 697 ہوگئی۔
صوبے میں مزید 6 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد 31 ہوگئی ہے۔
بلوچستان
ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 8 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد بلوچستان میں متاثرہ افراد کی تعداد 228 ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کیسز کے اضافے کے ساتھ مقامی سطح پر کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 80 ہوگئی
آزاد کشمیر
اسی طرح آزاد جموں کشمیر میں بھی ایک اور شخص میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی اور وہاں متاثرین کی تعداد 34 ہوگئی۔
یہاں یہ واضح رہے کہ اس وقت کورونا وائرس سے سب سے کم متاثرہ علاقہ آزاد کشمیر ہے۔
صحتیاب
جہاں ایک طرف ملک میں متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے وہیں صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد 727 تھی جس میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 35 نئے افراد کا اضافہ ہوا اور یہ تعداد 762 تک پہنچ گئی۔
علاوہ ازیں اگر آج آنے والے ان نئے کیسز کے بعد ملک میں صوبوں اور علاقوں کے حساب سے اگر اعداد و شمار دیکھیں تو پنجاب 2410 کیسز کے ساتھ سب سے آگے ہے۔
جس کے بعد سندھ میں 1318 کیسز، خیبرپختونخوا میں 697 کیسز، بلوچستان میں 228 کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 215، اسلام آباد میں 113 اور آزاد کشمیر میں 34 کیسز ہیں۔
کورونا وائرس سے ملک میں ہونے والی اموات میں سب سے زیادہ تعداد کیبر پختونخوا میں ریکارڈ کی گئیں۔
– سندھ: 28 اموات – خیبرپختونخوا: 31 اموات – پنجاب: 21 اموات – گلگت بلتستان: 3 اموات – بلوچستان: 2 اموات – اسلام آباد: ایک موت – آزاد کشمیر: کوئی نہیں dawnews-report