پاکستان میں کورونا کے 284 نئے کیسز، چیف جسٹس کا ازخود نوٹس

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 284 نئے کیسز آئے ہیں اور سرکاری اعداد و شمار کے مطابق متاثرین کی کل تعداد چار ہزار 601 ہو گئی ۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات اور ہسپتالوں میں ناکافی سہولیات پر پہلا ازخود نوٹس لے لیا ہے۔ ازخود نوٹس پر چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ 13 اپریل کو سماعت کرے گا۔  چیف جسٹس نے ہائی کورٹس کی جانب سے قیدیوں کی رہائی کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران کورونا سے متعلق حکومتی اقدامات کے معاملے کو آرٹیکل (3) 184 کے تحت سننے کا فیصلہ کیا تھا۔ ازخود نوٹس کی سماعت کے حوالے سے اٹارنی جنرل، سیکرٹری صحت اور داخلہ سمیت چاروں صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز اور چیف سیکرٹریز کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک 66 اموات ہوئی ہیں۔ سب سے زیادہ کیسز صوبہ پنجاب میں ہیں جن کی تعداد دو ہزار 279 ہے۔