گورنر سندھ عمران اسماعیل سے یونی لیور پاکستان کے وفد کی گورنر ہاﺅس میں ملاقات

وفد کاکورونا کے مریضوں کے علاج میں مصروف ڈاکٹرز اور طبی عملہ کے لئے 12 ملین روپے عطیہ دینے کا اعلان
کورونا کے خلاف جنگ اب ہر پاکستانی کی جنگ ہے ، گورنرسندھ ۔ حکومتی کاوشوں اور وزیراعظم کے جذبہ نے متاثر کیا،سدرہ عمران
کراچی  : گورنر سندھ عمران اسماعیل سے یونی لیور پاکستان کے وفد نے گورنرہاﺅس میں ملاقات کی ۔ وفد نے کورونا کے مریضوں کے علاج میں مصروف ڈاکٹرز اور طبی عملہ کے لئے 12 ملین روپے عطیہ دینے کا اعلان دیا جس سے عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائنز کے مطابق 20 ہزار مکمل حفاظتی لباس تیار کئے جائیں گے،جسے انڈس اسپتال کے ڈاکٹروں اور طبی عملہ میں تقسیم کیا جائے گا ۔واضح رہے کہ معروف ڈریس ڈیزائنر دیپک پروانی بھی ایسے حفاظتی لباس کی تیاری کے لئے کام کررہے ہیں جسے ڈس انفیکٹ کرکے دوبارہ استعمال کیا جا سکے گا ۔

گورنر سندھ نے اس ضمن میں رکن سندھ اسمبلی سدرہ عمران اور معروف سماجی کارکن کہکشاں سید کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ اب ہر پاکستانی کی جنگ ہے ہر پاکستانی اپنی بساط اور صلاحیتوں کے مطابق اس میں شریک ہے بالخصوص ڈاکٹرز اور طبی عملہ کورونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سولجرز ہیںانہیں حفاظتی لباس اور آلات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ، مخیر حضرات اور اداروں کے تعاون سے اس چیلنج کو پورا کرے گی اس ضمن میں ٹائیگر فورس اور مخیر حضرات حکومت کے دو اہم بازو ثابت ہونگے ۔ رکن سندھ اسمبلی سدرہ عمران نے کہا کہ مل کر ہی اس وبا سے جلد چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی کاوشوں اور وزیراعظم کے جذبہ نے ہر پاکستانی کو متاثر کیا ہے ۔