‘قابل اعتراض مواد نشر کرنے پر بول ٹی وی- وقار ذکا کے پروگرام چیمپیئنز پر پابندی برقرار

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی چینل بول انٹرٹینمٹ کے پروگرام ‘چیمپیئنز’ پر قابل اعتراض مواد نشر کرنے کے باعث عائد پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
اس حوالے سے پیمرا کے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ بول انٹرٹینمنٹ کے پروگرام چیمپیئنز پر قابل اعتراض اور نامناسب مواد نشر کرنے پر 20 جنوری 2020 کو پابندی اور 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ یان میں کہا گیا کہ مذکورہ پابندی کو چینل نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا جس پر متعدد سماعتوں کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیمرا کا مؤقف تسلیم کیا اور چیمپیئنز پروگرام میں نشر کیے جانے والے مواد کو نازیبا، قابل اعتراض اور ملکی اقدار کے منافی قرار دیا اور پروگرام کی نشریات پر پابندی عائد کردی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ عدالت نے چینل کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ 10 لاکھ روپے کا جرمانہ پیمرا کو ادا کرے۔Dawnnews-report
خیال رہے کہ نجی ٹی وی چینل بول انٹرٹینمنٹ پر سوشل میڈیا ایکٹوسٹ وقار ذکا کی میزبانی میں چیمپیئرز کے نام سے ایک پروگرام نشر کیا جارہا تھا۔
یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ وقار ذکا اس سے قبل بھی دیگر نجی چینلز پر ‘لونگ آن دی ایج’ اور ‘اوور دی ایچ’ پروگرام بھی کرچکے ہیں۔
تاہم اس مرتبہ ان کے پروگرام چیمپیئنز میں کافی کچھ تبدیلیاں کی گئیں تھی اور اس میں شرکت کے لیے درجنوں افراد نے آڈیشن دیے تھے جس میں سے 16 افراد کو منتخب کیا گیا تھا۔ اگرچہ اس پروگرام کے نشر ہونے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر کافی تنقید بھی ہوئی تھی تاہم اس کے باوجود حیران کن طور پر ان پروگرام چیمپیئنز کی ویڈیوز یوٹیوب پر ٹرینڈنگ میں موجود رہی تھی۔