3 افراد بھوک سے مرگئے کے حوالے سے شائع ہونیوالی خبر غلط ہے اور حقائق پر مبنی نہیں : سید مراد علی شاہ

کراچی :وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے مختلف اخبارات میں 3 افراد بھوک سے مر گئے ہیں کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ خبر غلط ہے اور یہ حقائق پر مبنی نہیں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حقائق درج ذیل ہیں:
سوبھل شر:
سوبھل شر نے اپنی اہلیہ اور سسرال کے ساتھ گھریلو معاملات کی وجہ سے بلوچستان کے شہر جھٹ پٹ میں خود کو آگ لگائی اور اسے ہیرا اسپتال سکھر لایا گیا اور بعد میں پیر عبدالقادر شاہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ، گمبٹ منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔شاہ زیب سہتو ایک معروف اسکول کے استاد شہان سہتو کا بیٹا ہے ، جس کی گمبٹ کے شہری اور دیہی علاقوں میں جائیدادیں ہیں اور معاشی طورپر مستحکم ہے۔ اس کے بیٹے نے خاندانی مسائل کی وجہ سے خود کو آگ لگا ئی۔ 55 سالہ ریاض میتلو ، لقمان خیرپور کے شیشم کالونی کا رہائشی ہے ، پچھلے 15 روز سے شدید بیمار تھا اور وہ جاں بر نہ ہوسکا اور یہ ایک فطری موت تھی۔انہوں نے اس بات پر ایک بار پھر زور دیا کہ ہم اس وقت بحرانی صورتحال سے دوچار ہیں اور اس موقع پر بے بنیادباتوں اور افواہیں پھیلانے اور شائع کرنے سے گریز کرنا چاہئے کیونکہ اس سے مزید افراتفری اور خوف و ہراس پھیلانے کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہے ۔