امریکا میں مقیم 22 پاکستانی کرونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے

امریکا میں مقیم 22 پاکستانی کرونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے، نیویارک میں واقع مسجد کے امام کے مطابق شہر میں کئی پاکستان جان کی بازی ہار چکے، انتقال کرنے والوں میں ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکی شہر نیویارک میں مقیم احمد علی نامی خطیب و امام کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا گیا کہ نیو یارک شہر میں کرونا وائرس کے باعث حالات بہت تشویش ناک ہیں۔
احمد علی کا بتانا ہے کہ نیویارک میں اب تک 22 پاکستانی بھی کرونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ان پاکستانیوں میں کچھ ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔ حالات بہت زیادہ تشویش ناک ہیں اس لیے جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی نماز جنازہ بھی بہت محدود انداز میں ادا کی گئی۔ دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ امریکہ میں مسلسل ساتویں روز بھی ایک ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔
مزید 1404 اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 12 ہزار کا ہندسہ پار کر گئی، 19 ہزار 331 نئے کیسز رپورٹ۔ کرونا وائرس کی معلومات دینے والی عالمی میٹر کے مطابق امریکہ میں 14 سو 04 نئی ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 12 ہزار 275 تک جا پہنچی ہے۔ یہ مسلسل ساتواں روز ہے جب ایک ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جو کہ کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ تباہ کن اعداد و شمار ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ 19 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد امریکہ میں وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 3 لاکھ 86 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق وائرس زدہ 21 ہزار 671 افراد ایسے ہیں جو صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ وائرس سے متاثرہ افراد میں 9 ہزار 879 افراد ایسے ہیں جو کہ اس وقت تشویشناک حالت میں مبتلا ہیں۔ جان لیوا کورونا کا شکار پاکستانی گلوکار سلمان احمد کا کہنا ہے کہ نیو یارک کی صورتحال بدترین ہے، لوگ مرنے والوں کی آخری رسومات بھی ادا کرنے سے قاصر ہیں اور لواحقین جنازوں میں شرکت کرنے سے احتیاط برت رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: گلوکار سلمان احمد بھی کورونا وائرس سے متاثر
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گلوکار کی جانب سے ایک منٹ اور 5 سیکنڈ پر مشتمل ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا جارہا ہے  کہ کورونا کے خوف کے باعث لواحقین جنازے میں شرکت سے گریزاں ہیں۔
ویڈیو بنانے والا برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ ’ایک بیٹا اپنے باپ کے جنازے پر شرکت کرنے نہیں آیا۔
انہوں نے بتایا کہ یہاں تین جنازے پڑھائے گئے جس میں لواحقین نے یہ کہتے ہوئے شرکت کرنے سے انکار کیا کہ آپ لوگ ہمیں ویڈیو بنا کر بھیج دیں۔
یہ بھی پڑھیے: ڈاکٹروں کے مطابق میں کوویڈ 19کا شکار ہوں: سلمان احمد
سلمان احمد کا اپنے سوشل میڈیا پیغامات میں کہنا ہے کہ نیویارک میں قیامت خیز مناظر دیکھنے میں آرہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ یہاں کی سڑکیں سنسان اور اسپتالوں میں ہر طرف لاشیں ہی لاشیں ہیں۔ نیویارک میں مقیم پاکستانی گلوکار سلمان احمد کا کہنا تھا کہ نیویارک اس وقت وار زون دکھائی دے رہا ہے،  یہاں کورونا کی تشخیص کا ٹیسٹ کروانا بہت مشکل ہوگیا ہے۔