حکومت گندم اور چینی کا مصنوعی بحران پیدا کرنے میں افراد کیخلاف سخت کارروائی کریگی – وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

حکومت اس ماہ کی پچیس تاریخ کو تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ جاری ہونے کے بعد گندم اور چینی کا مصنوعی بحران پیدا کرنے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ یہ بات اطلاعات و نشریات کے بارے میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے صحافیوں کو وفاقی کابینہ کے فیصلوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہی جس کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت منگل کے روز اسلام آباد میں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی مشینری کھانے پینے کی معیاری اشیاء کی مناسب نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لئے مکمل طور پر متحرک ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے خبردار کیاہے کہ کمیشن کو ڈرانے دھمکانے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم نے کاشتکاروں اور کسانوں کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ احتساب کے بارے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے ملک میں چینی اور گندم کی قلت سے متعلق رپورٹ کابینہ کو پیش کی۔ کابینہ نے متروکہ وقف املاک بورڈ کی تنظیم نو ،تشکیل نواور بحالی کی منظوری دیتے ہوئے اس کی املاک کو صحت، تعلیم اور تعمیرات کی شعبوں میں بروئے کا ر لانے کی اجازت دی۔ صحت کی قومی خدمات کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کابینہ کو کورونا وائرس کے مریضوں اور اس وائرس سے متاثرہ محنت کش طبقے کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے معاون طبی عملے کے تحفظ کے لئے چاروں صوبوں کو انتالیس ہزار حفاظتی کٹس بھجوا دی گئی ہیں۔ نوجوانوں کے امور کے بارے میں معاون خصوصی عثمان ڈار نے کابینہ کو بتایا کہ کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس میں اب تک سات لاکھ سترہ ہزار ایک سو انیس نوجوانوں نے اندراج کروایا ہے جو ملک بھر میں ضلع ، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر کام کر رہی ہے۔ سماجی تحفظ کے بارے میں معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کابینہ کو احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت ملک میں کورونا وائرس کی وباء پھوٹنے کے بعد احساس ایمرجنسی پروگرام کے تحت ایک کروڑ بیس لاکھ مستحق خاندانوں کو بارہ بارہ ہزار روپے کی نقد امداد فراہم کر رہی ہے۔ مستحق خاندان نقد امداد ملک بھر میں حبیب بینک لمیٹڈ اور بینک الفلاح کے اٹھارہ ہزار پینسٹھ سیل پوانٹس یادکانوں سے بائیو میٹرک تصدیق کے بعد حاصل کر سکیں گے۔ کابینہ نے یونیورسل سروس فنڈ کے ذریعے ملک کے باسٹھ اضلاع کیلئے براڈبینڈ انٹر نیٹ سروس کی فراہمی کی بھی منظوری دی۔- طارق اقبال نے رپورٹ  تیارکی