کے الیکٹرک کی ایوریج بلنگ مسترد تین سال پرانے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بل عوام کو بھیج دیئے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کے الیکٹرک کی جانب سے عوام کو بغیر میٹر ریڈنگ کے بل بھیجنے پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کے الیکٹرک کی جانب سے ایوریج بلنگ کے اقدام کو مسترد کردیا۔پیر کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نیپرا کے الیکٹرک کے اقدام کا فوری نوٹس لے، کے الیکٹر ک کی جانب سے ان حالات میں لوگوں پر بھاری بلوں کا بوجھ ڈالنا سراسر زیادتی ہے، عوام ان حالات میں پہلے ہی پریشان ہیں، انہیں مزید کسی صورت پریشان نہیں کرنے دیں گے۔خرم شیر زمان نے مزید کہاکہ کے الیکٹرک کا ادارہ شہر میں بے لگام گھوڑے کی شکل اختیار کر چکا ہے ، کے الیکٹرک کی من مانیوں پر وزیر اعلیٰ نوٹس لینے میں ناکام ہیں۔ کے الیکٹر نے پہلے صوبائی حکومت کے احکامات کو ہوا میں اڑایا، اوپر سے ایوریج بلنگ کر کے شہریوں کی پریشانی میں مزید اضافہ کیا جارہا ہے، کے الیکٹرک ایوریج بلنگ کر کے کراچی کے شہریوں کو لوٹ رہی ہے،کے الیکٹرک تمام بجلی کے بلوں کو میٹر ریڈنگ کے مطابق بھیجے،اگر میٹر ریڈنگ نہیں ہو سکتی تو ان بلوں کو اگلے ماہ ریڈنگ کر کے بھیجا جائے۔