کراچی کے ایک ہی خاندان کے 11 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

کراچی کے ایک ہی خاندان کے 11 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع وسطی کے ایک ہی خاندان کے 11 افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ، متاثرہ خاندان میں شہید ہسپتال کی ایک خاتون ڈاکٹر بھی شامل ہے، متاثرہ افراد کو گھر میں ہی قرنطینہ کر دیا گیا۔ تمام افراد کا تعلق نارتھ ناظم آباد سے ہے۔
سینئر میڈیکل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ عظیٰ کراچی ڈاکٹر سملیٰ کوثر نے کہا ہے کہ عباسی شہید ہسپتال میں فلٹر کلینک بنایا گیا ہے کہاں متاثرہ خاتون ڈیوٹی دے رہی تھیں۔ خاتون کے ساتھ کام کرنے والے دیگر عملے کی بھی اسکریننگ کرائی جائےگی۔ بتایا گیا ہے کہ متاثرہ ڈاکٹر کو سرکاری ہسپتال کی آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

ڈاکٹر سملیٰ کوثر کے مطابق تمام کیسز 14 مارچ سے 27 مارچ کے دوران سامنے آنے ہیں۔

واضح رہے ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعدا د3766 ہوچکی ہے۔ جبکہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 932، خیبرپختونخوا میں 405 , گلگت میں 211، پنجاب میں1918, بلوچستان میں 202 اور اسلام آباد میں 82 افراد کورونا میں مبتلاہو چکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں 16افراد اس خطرناک مرض سے متاثر ہوئے جبکہ 259 افراد اس خطرناک وائرس سے صحتیاب ہو چکے ہیں۔
د وسری جانب 54 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ بڑے ممالک میں بھی کورونا کی تباہی جاری ہے ۔ امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 874 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں، 19741 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد وائرس کا شکار افراد کی تعداد 3 لاکھ 56414 ہو گئی ہے، فرانس میں 833، اٹلی میں 636، اسپین میں 528، برطانیہ میں 439، بیلجیئم میں 185، ایران میں 136، ہالینڈ میں 101، جرمنی میں 78، ترکی میں 75 سوئٹزرلینڈ میں 47 اور کینیڈا میں 41 افراد دم توڑ گئے، عالمی سطح پر ہلاکتوں کی تعداد 73839 اور متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ سے تجاوز کر گئی، 2 لاکھ 77329 افراد صحت یاب ہوئے ہیں،
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے 577 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد کورونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی تعداد 3 ہزار 864 ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 4 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد کل اموات کی مجموعی تعداد 54 ہو گئی۔

کورونا کیخلاف ایک اور فرنٹ لائن ہیرو جان کی بازی ہار گیا

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے سندھ اور خیبر پختون خوا میں17، 17، پنجاب میں 15، گلگت بلتستان میں 3، اسلام آباد اور بلوچستان میں ایک، ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا مزید کہنا ہے کہ ملک میں اب تک کورونا وائرس کے رپورٹ ہونے والےکل 3 ہزار 864 کیسز میں سے پنجاب میں 1ہزار 918، سندھ میں 932، خیبر پختون خوا میں 500، گلگت بلتستان میں 211، بلوچستان میں 202، اسلام آباد میں 83 اور آزاد جموں و کشمیر میں 18 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک بھر میں کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد 429 ہوگئی ہے جبکہ پاکستان میں اس وائرس کے 59 فیصد کیسز باہر سے آئے لوگوں کے ہیں۔

کراچی میں ایک اور فرنٹ لائن ہیروکورونا سے جنگ میں جان کی بازی ہار گیا، ڈاکٹر عبدالقادر سومرو کورونا وائرس سے لڑتے لڑتے خود شکار ہوئے اور دنیا سے چلے گئے۔

یہ بھی پڑھیئے: اسلام آباد میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت

ڈاکٹر عبدالقادر کو کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے پر انڈس اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، ڈاکٹر عبدالقادر پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے سابق صدر تھے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آئی ہے، پمز اسپتال میں 24 دن تک وینٹی لیٹر پر زیرِ علاج رہنے والی مریضہ جان کی بازی ہار گئی، خاتون 12مارچ کو برطانیہ سے وطن واپس پہنچی تھیں۔