این آئی سی وی ڈی کے پانچ رکنی وفد کی گورنرسندھ سے گورنرہاﺅس میں ملاقات

اسپتال کے انتظامی اور مالی معاملات میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی اور غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ گورنر سندھ
 این آئی سی وی ڈی کے پانچ رکنی وفد نے ڈاکٹر اشتیاق رسول کے ہمراہ گورنرسندھ عمران اسماعیل سے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق واپس وفاق کے پاس آگیا ہے، اسپتال کے انتظامی اور مالی معاملات میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی اور غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا ، اسپتال کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جائے گا، اسپتال میں شوکت خانم اور آغا خان جیسی سہولیات عوام کو بالکل مفت فراہم کرنے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے ، اس اسپتال سے ملحق کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ و طالبات اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں ان کو تدریسی عمل جاری رکھنے میں کسی دشواری یا پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ وفاقی حکومت اس سلسلے میں بھی ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسپتال میں امراض قلب کے مریضوں کو بلا معاوضہ طبی سہولیات فراہم کریں گے ، مریضوں کے چیک اپ کے لئے جدید مشینوں کو بھی نصب کیا جائے گا تاکہ اسپتال میں مزید بہتری لائی جاسکے اورعوام کو صاف ستھری طبی سہولت حاصل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال کی انتظامیہ کو چاہئے کہ اسپتال کو مزید بہتر بنانے کے لئے تجاویز گورنر ہاﺅس ارسال کریں تاکہ ان پر عملدرآمد کرکے اسپتال کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جا سکے۔ انہوں نے اسپتال کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اسپتال میں صفائی ستھرائی کا خاص انتظامات کو یقینی بنائیں اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ، وفاقی حکومت کے احکامات پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کرنا ہر ذمہ دار افسر کے اولین فرائض میں شامل ہے اس ضمن میں افسران اپنی ذمہ داری نبھانے کی بھرپور کوششیں کریں۔ ملاقات میں وفد نے گورنرسندھ کو یقین دلایا کہ وہ وفاقی حکومت کے احکامات پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کریں گے اور اسپتال میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر اور موئثر بنانے کی بھرپور کوششیں کریں گے۔ 

اپنا تبصرہ بھیجیں