بہادر شاہ اور بلوکی پلانٹس سے متعلق ٹیرف اور دیگر معاملات طے پاگئے

وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ پاور پلانٹس کی نجکاری سے متعلق میعاد میں کوئی تبدیلی نہیں کی،انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے پاور پلانٹس اور پاکستان سٹیل ملز کی بحالی سے متعلق اجلاس کی صدارت کی جس میں بتایا گیا کہ کورونا کے پیش نظر اسٹیل ملز کے معائنہ کیلئے سرمایہ کار کمپنی نے مزید مہلت کی درخواست کی ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے توانائی ندیم بابر اور چیئرمین نیپرا نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے بتایا بہادر شاہ اور بلوکی پلانٹس سے متعلق ٹیرف اور دیگر معاملات طے پاگئے ہیں۔ موجودہ کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر سرمایہ کاروں سے آن لائن رابطے کئے ہیں۔ فی الوقت پاور پلانٹس کی نجکاری سے متعلق مقرر کردہ میعاد میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

وفاقی وزیر نے رواں ہفتہ میں پاکستان سٹیل ملز کی بحالی سے متعلق متعلقہ سرمایہ کار کنسورشیم سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا پاک چائنہ کنسورشیم کے مالیاتی مشیروں نے ڈیو ڈیلیجینس کی ابتدائی رپورٹ بذریعہ ای-میل بھیج دی۔ کورونا کے خطرے کے پیش نظر سٹیل ملز کے معائنہ کے لئے سرمایہ کار کمپنی نے وزارت نجکاری سے مزید مہلت کی درخواست کی ہے۔ محمد میاں سومرو نے بتایا نجکاری سے پیشتر تمام قانونی اور انتظامی معاملات پر مستعدی سے پیش رفت جاری ہے۔ وزارت نجکاری کے ذرائع نے بتایا سٹاک مارکیٹ کی صورتحال میں مثبت تبدیلی اور کورونا کے خاتمے کے بعد نجکاری معاملات میں خاطر خواہ تیزی متوقع ہے۔ وفاقی وزیر نے وزارت کے حکام کو محتاط انداز میں کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں