دبئی میں رات کے اوقات میں عائد کردہ کرفیو اب 24 گھنٹے کیلئے نافذ

دبئی میں رات کے اوقات میں عائد کردہ کرفیو اب 24 گھنٹے کیلئے نافذ، دو ہفتے تک باہر نکلنے والوں کیلئے سخت سزاوں اور ڈس انفیکشن پروگرام جاری رکھنے کا اعلان، صرف ہنگامی صورتحال میں باہر نکلنے کی اجازت ہوگی، فیصلہ کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق دبئی میں لاک ڈاون پابندیوں میں مزید سختی کر دی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ دبئی میں ڈس انفیکشن مہم کیلئے رات کے اوقات میں کرفیو نافذ کیا گیا تھا، جسے اب مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اب اگلے 2 ہفتے کیلئے دن بھر کرفیو نافذ رہے گا۔ اس دوران لوگوں کو باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی، صرف ہنگامی صورتحال میں محدود نقل و حرکت کی اجازت دی جائے گی۔

اس دوران سپر مارکیٹس، فوڈ آوٹ لیٹس، ادویات کی دکانیں کھلی رہیں گی، جہاں سے ہوم ڈلیوری کروائی جا سکتی ہے۔

وارننگ جاری کی گئی ہے کہ تازہ ترین پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت ترین سزائیں دی جائیں گی۔ مزید اعلان کیا گیا ہے کہ نیشنل ڈس انفیکشن پروگرام کو ملک بھر میں جاری رکھا جائے گا۔ آج بروز ہفتہ اس صفائی مہم کو ختم ہو جانا تھا، تاہم اب اس کی مُدت میں توسیع کر دی گئی ہے۔اماراتی وزارت صحت اور وزارت داخلہ کی جانب سے اس نیشنل ڈس انفیکشن پروگرام کو جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزارت صحت و داخلہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صفائی ستھرائی اور جراثیم کے خاتمے کی اس حالیہ مہم میں مزید سہولیات اور مشینری کا اضافہ کیا جائے گا۔ مملکت میں ڈس انفیکشن مہم کامیابی سے مکمل کی گئی، جس کا آغاز 26مارچ سے ہوا تھا۔ اس دوران بہترین قسم کی جدید ترین مشینریوں کا استعمال کیا گیا ۔ جس میں مختلف وفاقی اور مقامی اداروں کے ہزاروں کارکنان نے حصہ لیا۔
وزارت کے مطابق ہر اماراتی ریاست میں جب جب اور جہاں جہاں ڈس انفیکشن کی ضرورت ہو گی، مقامی طور پر پلان تیار کر کے جراثیم کش ادویہ کا سپرے اور صفائی ستھرائی کی جائے گی۔ امارات کے باقی علاقوں پرانی روٹین، جبکہ دبئی میں اس ڈس انفیکشن پروگرام کا دورانہ 24 گھنٹے ہوگا۔ فیصلہ اس لیے لیا گیا تاکہ ڈس انفیکشن کا کام کرنے والی ٹیموں پوری تسلی اور بنا کسی رکاوٹ کے اپنا کام انجام دے سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں