امریکہ میں 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 1480 ہلاکتیں

عالمی وبا کورونا وائرس سے امریکہ میں 24 گھنٹے کے دوران لگ بھگ ڈیڑھ ہزار افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ وبا پھوٹنے کے بعد یہ دنیا بھر میں ایک دن میں ہونے والی ریکارڈ ہلاکتیں ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ میں اب کل ہلاکتیں سات ہزار 406 ہو گئی ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق امریکہ میں ایک ہزار 480 ہلاکتیں جمعرات کی شام سے جمعے کی شام تک ریکارڈ کی گئیںیاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ ملک میں ’انتہائی تکلیف دہ دو ہفتے‘ آنے والے ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلی ویژن پر خطاب میں کہا تھا کہ امریکہ میں دو ہفتے بعد کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی شرح بڑھ سکتی ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’ایسٹر کے دوران ہلاکتیں سب سے زیادہ ہوں گی۔‘
ایسٹر مسیحی تہوار ہے جو اپریل کی 12 تاریخ کو آتا ہے۔ صدر ٹرمپ نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات میں 30 اپریل تک توسیع کا بھی اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب نیو یارک کے میئر نے کہا تھا کہ ہسپتالوں میں گنجائش تین گنا بڑھانا پڑے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے ہسپتالوں کی ضرورت ہے جو پہلے کبھی نہ دیکھے ہوں بلکہ اتنے بڑے ہسپتالوں کے بارے میں سوچا تک نہ گیا ہو۔
واضح رہے کہ ریاست نیو یارک میں یکم مارچ کو وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور ایک ماہ میں وہاں 75 ہزار افراد کورونا سے متاثر ہوئے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلنے سے نیویارک مکمل طور پر بدل گیا ہے اور سڑکوں، پارکوں میں ویرانی ہے جبکہ نظر آنے والے چند لوگوں نے ماسک پہنے ہوئے ہیں۔ urdunews-report

اپنا تبصرہ بھیجیں