صنعتیں بند کرنا آسان اور چلانا مشکل ہوتا ہے، صنعتی شعبے کو بتدریج فعال کرنے کیلئے کاروباری برادری کی مشاورت سے پلان بنایا جائے۔

ایف پی سی سی آئی بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئرمین میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس نے وہ تباہ کاری نہیں مچائی جو دیگر ممالک میں ہوئی ہے،صنعتیں بند کرنا آسان اور چلانا مشکل ہوتا ہے، صنعتی شعبے کو بتدریج فعال کرنے کے لئے کاروباری برادری کی مشاورت سے پلان بنایا جائے۔
میاں زاہد حسین نے جمعہ کو بز نس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ ملکی معیشت میں جان ڈالنے اورمہنگائی کم کرنے کے لئے بینک ٹرانزیکشنز پر ودہولڈنگ ٹیکس مکمل طور پر ختم کیا جائے جبکہ شناختی کارڈ کی شرط کو ایک سال کے لئے موخر کیا جائے۔ کاروباری برادری نے بینک ٹرانزیکشنز پر ٹیکس کو قبول نہیں کیا ، اس سے معیشت کو بہت نقصان پہنچا ہے جبکہ کاروباری برادری نے اس ٹیکس سے بچنے کے لئے متبادل طریقے اختیار کر لئے ہیں جو حکومت کو معلوم ہیں۔


انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ کی شرط اور غیر رجسٹرڈ شدہ افراد سی3 فیصد ایڈیشنل سیلز ٹیکس جیسی شرائط سے فائدے کے بجائے نقصان ہو رہا ہے، صنعتی شعبہ اور درآمدکنندگان پہلے ہی 17 فیصد سیلز ٹیکس ادا کر رہے ہیں اس لئے شناختی کارڈ کی شرط اور ایڈیشنل ٹیکس کا کوئی جواز نہیں ہے، ودہولڈنگ ٹیکس اور شناختی کارڈ کی شرط ختم کرنے سے عوام اور کاروباری برادری کو ریلیف ملے گا اور انکا اعتماد بڑھے گا جبکہ بہت سے کاروبار دیوالیہ اور ملازم بے روزگار ہونے سے بچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک نے سیلز ٹیکس، ویلیو ایڈڈ ٹیکس،سروسز ٹیکس، کارپوریٹ ٹیکس، پرسنل ٹیکس اور امپورٹ ڈیوٹی بہت کم یا ختم کر دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں