حکومت، شہریوں کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھنا چاہتی ہے:پاسبان پائپ لائنوں میں پانی نہیں، ٹینکر مافیا کے لئے وافر پانی ہے:عبدالحاکم قائد


پاسبان عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر مؤثر آواز بلند کرے گی
پاسبان کراچی کے زیر اہتمام ضیا کالونی مومن آبادٹاؤن میں عوامی بیٹھک کا انعقاد
علاقے کے مسائل اجاگرکئے گئے،اہم عہدوں کا اعلان

کراچی ( )پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے ضیاء کالونی مومن آباد ٹاؤن میں عوامی بیٹھک کے شرکاء اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے لیے پائپ لائنوں میں پانی نہیں ہوتا لیکن ٹینکر مافیا کے لیے ہر جگہ وافر پانی موجود ہوتا ہے۔ حکومت، شہریوں کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھنا چاہتی ہے۔ پورے شہر کو کھدائی کے نام پر تباہ کر دیا ہے۔ شہریوں کی جانوں کو ڈمپر، ٹرالر، ٹینکرز اور کھلے مین ہولزکے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ ضیاء کالونی کے عوام عرصہ دراز سے پانی جیسی نعمت سے محروم ہیں۔ پاسبان، علاقہ مکینوں کے ساتھ مل کر علاقے کے مسائل، خصوصاً پانی کی فراہمی، سیوریج، اسٹریٹ لائٹس اور صفائی ستھرائی کے لئے بھرپور کوشش کرے گی۔ متعلقہ اداروں کو باقاعدہ شکایات درج کرائی جائیں گی اور عملی اقدامات تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ پاسبان کا مقصد عوام کی محرومیوں کا ازالہ اور انہیں بنیادی سہولیات تک رسائی دلانا ہے اور ضیا کالونی مومن آباد کی عوامی بیٹھک اس جدوجہد کا ایک اہم حصہ ہے۔ پاسبان عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر مؤثر آواز بلند کرے گی۔ واضح رہے کہ پاسبان کراچی کی جانب سے شہر بھر میں عوامی بیٹھکوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد شہریوں کے مسائل کی نشاندہی اور حل کے لئے اقدامات ہیں۔ قبل ازیں پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد ضیاء کالونی پہنچے تو پاسبان عوامی بیٹھک کے شرکاء اور اہل علاقہ نے ان کا شاندار استقبال کیا۔عوامی بیٹھک کے دوران پاسبان کی جانب سے علاقے کے نمائندہ افراد کو تنظیمی عہدے بھی دیے گئے، تاکہ مقامی سطح پر تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جاسکے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے موثر رابطہ کاری ممکن ہو۔ اعلان کے مطابق اقبال حسین کو یوسی صدر، لیاقت علی کو جنرل سیکریٹری، سمیع اللہ کو نائب صدر اور اکرام اللہ کو جوائنٹ سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ اس موقعہ پر سیلم جنجوعہ، اکرم آگریا، اسلم ملک، اللہ دوست بلوچ، محسن شیخ، رمضان راجپوت، امداد بلوچ، اقبال حسین اور سمیع اللہ نے بھی خطاب کیا۔ شہریوں نے پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر عبدالحاکم قائدو عہدیداران کو اپنے دیرینہ مسائل سے آگاہ کیا، جن میں سب سے سنگین مسئلہ پانی کی شدید قلت کا تھا۔ اہلِ علاقہ نے بتایا کہ برسوں سے پانی کی فراہمی غیر یقینی ہے، جس کی وجہ سے انہیں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔اس موقع پرپاسبان کراچی کے صدر نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ آپ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے #

پاسبان پریس انفارمیشن سیل