03 دسمبر… افراد باہم معذوری کا عالمی دن سندھ حکومت کی معذوری کی شمولیت کے لیے عزم و سنجیدگی

کالم
====
تحریر: عابد لاشاری


=========

پاکستان نے آج افراد باہم معذوری کے عالمی دن منانے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ شمولیت اختیار کی، جہاں سندھ بھر میں تقاریب منعقد ہو رہی ہیں۔ اس سال کا موضوع ہے کہ “مواقع اور چیلنجز: پاکستان میں معذوری کی شمولیت کو آگے بڑھانا”۔
اس دن کا مقصد معذور افراد کے حقوق کے فروغ، خدمات کی فراہمی میں بہتری، اور معذوری سے متعلق قوانین کے مؤثر نفاذ کو تیز کرنا ہے۔
محکمہ برائے بااختیاری برائے افراد باہم معذوری (DEPD) سندھ، سندھ پرسنز وِد ڈس ایبلٹیز پروٹیکشن اتھارٹی (SPDPA)، معذور افراد کی تنظیمیں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے سیمینار، آگاہی، اور کمیونٹی سطح کی سرگرمیوں میں شرکت کرتے ہیں۔
سندھ ایمپاورمنٹ آف پرسنز وِد ڈس ایبلٹیز ایکٹ 2018 ایک جامع قانون ہے جو تعلیم، بحالی، روزگار، صحت، رسائی اور خودمختار زندگی سے متعلق حقوق کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ SPDPA اتھارٹی نے معذوری کے اندراج اور سرٹیفکیشن کے نظام کو مزید مضبوط کیا ہے۔
اضلاع کی سطح پر مانیٹرنگ کمیٹیوں کو فعال بنایا گیا ہے تاکہ جامع ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
معذور افراد کے لیے 5% مختص نوکری کوٹے پر عملدرآمد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
سرکاری عمارتوں، ٹرانسپورٹ اور تعلیمی اداروں میں رسائی کے معیار کی جانچ کا دائرہ بھی وسیع ہو رہا ہے۔ تاہم، دیہی علاقوں میں قوانین کے مکمل نفاذ سے متعلق چیلنجز برقرار ہیں، جن کے حل کے لیے سول سوسائٹی اور نجی شعبے کے ساتھ مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
DEPD سندھ نے بچوں اور بڑوں کے لیے خدمات میں صوبے کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کو بھی نمایاں کیا، جس میں وہیل چیئرز، ہیئرنگ ایڈز، لرننگ ایڈز سمیت مددی آلات کی بڑے پیمانے پر تقسیم بھی شامل ہے۔
خصوصی تعلیمی اسکولوں، ووکیشنل مراکز اور تھراپی یونٹس کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے، جب کہ معذور افراد کی تنظیموں کے ساتھ ہم آہنگی مزید مضبوط ہو رہی ہے۔
سول سوسائٹی کا کردار بھی انتہائی اہم ہے، جو خدمات کی کئی اہم خلا کو پُر کررہی ہے۔ سماجی تنظیم این ڈی ایف پاکستان کے بحالی مراکز اس کی ایک نمایاں مثال ہیں۔ نیشنل ڈس ایبلٹی اینڈ ڈوالپمنٹ فورم (NDF) کے بڑے بحالی مراکز نواب شاہ، لاڑکانہ اور حیدرآباد میں قائم ہیں، جہاں سینکڑوں بچوں کو مکمل طور پر مفت فزیوتھراپی، آکوپیشنل تھراپی، اسپیچ تھراپی، ریمیڈیئل ایجوکیشن اور کونسلنگ فراہم کی جاتی ہے۔
پاکستان ڈاؤن سنڈروم ایسوسیئشن نے ڈاؤن سنڈروم کے بچوں کی بحالی مراکز گلستانِ جوہر اور گلشنِ حدید، کراچی چلاتی ہے، جہاں ڈاؤن سنڈروم اور ذہنی معذوری کے حامل بچوں کے لیے بحالی، خصوصی تعلیم اور فیملی سپورٹ کی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔
معذور افراد کی تنظیموں کے لیے حکومتی معاونت حقیقی بااختیاریت کی سمت ایک خوش آئند قدم ہے۔
سندھ حکومت نے DEPD کے ذریعے افراد باہم معذوری کی تنظیموں کو مالی اور تکنیکی مدد فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ پالیسی سازی، رسائی کے اقدامات اور کمیونٹی آگاہی میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔
حکومت نے اس اصول پر زور دیا کہ:
“ہمارے بارے میں کچھ بھی ہو ہمارے بغیر نہیں ہو”۔
سندھ نے شمولیتی تعلیم، بہتر صحت خدمات، قابلِ رسائی انفراسٹرکچر، اور روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنے کے لیے 5% کوٹے کے مؤثر نفاذ کی کوششوں کو تیز کرنے کا اعادہ کیا ہے۔
صوبائی قیادت نے معذور افراد کے حقوق کے لیے اپنی سنجیدگی اور دیرپا عزم کا اظہار کرتے ہوئے کمیونٹیز، سروس فراہم کنندگان اور ترقیاتی شراکت داروں سے مشترکہ کوششوں کی اپیل کی۔
“مشترکہ عزم کے ساتھ سندھ معذور افراد کے بااختیاریت کے قانون 2018 کو ایک عملی حقیقت بنائے گا۔
امید کبھی نہیں مرتی—اور تمنا ہے کہ صوبے سندہ کے معذور افراد مکمل شمولیت، وقار، خودمختاری اور بہتر مواقع حاصل کریں گے۔”