ویمن ٹی 20 ورلڈکپ: انگلینڈ نے پاکستان کو 42 رنز سے ہرادیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمن ٹی 20ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 42 رنز سے شکست دے دی۔

کینبرا میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے جیت کے لیے 159 رنز کا ہدف دیا ، جواب میں پاکستان کی ٹیم 116 رنز پر ڈھیر ہوگئی
پاکستان ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کو ترجیح دی، ابتداء میں یہ فیصلہ درست ثابت ہوا اور انگلش اوپنر ایمی جونیس صرف 2 رنز بناکر پویلین لوٹ گئیں۔

اس کے بعد ڈینی ویٹ اور نتالی سیور نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 43رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 47 تک پہنچادیا، ڈینی ویٹ16 رنز بناکر نتالی کا ساتھ چھوڑ گئیں۔

نتالی سیور 36 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں لیکن دوسری جانب کپتان ہیدر نائٹ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے47 رنز پر 62 رنز کی اننگز کھیلی، فران ولسن 22 رنز بناکر نمایاں رہیں۔

اس طرح انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔

پاکستان کی طر ف سے ایمن انور نے 3، ندا ڈار نے 2، جبکہ ڈایانا بیگ اور عالیہ ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کی اننگز کا آغاز بھی کچھ زیادہ اچھا نہ رہا اور 11 رنز کے مجموعی اسکور پر منیبہ علی 10 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں، ٹیم پاکستان کی دوسری آؤٹ ہونے والی بیٹر بسمہ معروف تھیں ، وہ صرف چار رنز بناسکیں۔

عالیہ ریاض نے انگلش بولرز کا جم کر سامنا کیا اور 33 گیندوں پر 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔

پاکستان کی بیٹنگ لائن کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اُس کی آٹھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں اسکور نہیں کرسکیں۔

پاکستان کی پوری ٹیم 19اعشاریہ 4 اوورز میں 116 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور انگلینڈ نے 42 رنز سے میچ اپنے نام کرلیا۔

پاکستان ویمن ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

ٹیم پاکستان اپنا اگلا میچ 3 مارچ کو سڈنی میں جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے گی

اپنا تبصرہ بھیجیں