اسلام آباد ہائیکورٹ بارکے جنرل سیکرٹری کا (ن) لیگ میں شمولیت کا اعلان

اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے منتخب جنرل سیکرٹری عمیر بلوچ ایڈووکیٹ نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے، مسلم لیگ ن نے ان کی شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے، عمیر بلوچ نے کہا کہ وکلاء برادری جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کیلئے بھرپور اپنا کردار ادا کرے گی۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاﺅن میں اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے منتخب جنرل سیکرٹری عمیر بلوچ ایڈووکیٹ نےساتھیوں کے ہمراہ صدر ن لیگ پنجاب رانا ثناءاللہ سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے مسلم لیگ ن کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
رانا ثنااللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی سیاست ملکی معیشت کیلئے کروانا وائرس ثابت ہوئی ہے۔
حکومتی پالیسیوں کے باعث معیشت ڈوب چکی ہے۔ حکومت سے ملک چل نہیں رہا اور سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کیلئے اداروں کا استعمال کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک علاج کی ضرورت ہوگی نوازشریف لندن میں رہیں گے سب کی دعا ہے وہ روبہ صحت ہو کر واپس آئیں۔

سابق وزیراعظم نوازشریف جب لندن گئے تو صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے کہا تھا کہ کچھ ٹیسٹ ملک میں نہیں ہو سکتے ہیں یاسمین راشد کہتی رہیں کہ نوازشریف باہر علاج کے لیے جا سکتے ہیں۔ حکومتی میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کو لندن جانے کی اجازت دی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے ایک شخص نے کہا کہ نواز شریف کے باہر جانے کے لیے ساڑھے 7 ارب روپے کی شرط لگائی گئی جو شرم کا باعث ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نوازشریف کی میڈیکل ٹیم فیصلہ کرے گی کہ کب انہیں ہسپتال لے جانا ہے میڈیکل ٹیم فیصلہ کرے گی کہ کب نواز شریف سفر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے معاملے میں حکومت کا کوئی استحقاق نہیں رہا نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہ دے کر حکومت نے اخلاقی پستی کا مظاہرہ کیا ہے سیاسی رواداری جو کبھی ملک میں تھی 2014 کے بعد عمران خان نے ملیا میٹ کر دی۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نواز شریف کے باہر جانے کی اجازت سے انکار کر دیا ہے اس حوالے سے نون لیگ کی قانونی ٹیم کورٹ جائے گی اور عدالت قانون اور اخلاقی قدروں کے مطابق فیصلہ کرے گی امید ہے عدالت کا فیصلہ نوازشریف کے حق میں ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں