پاک فضائیہ کے فوری اوربھرپور جوابی وار نے دشمن کے تکبر کو خاک میں ملا دیا : ایئر چیف

اسلام آباد : پاک فضائیہ نے پچھلے سال اپنی شاندار روایات کے مطابق آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت اوربہادری سے ایک نئی تاریخ رقم کی۔بیشک پاک فضائیہ کے فوری اور بھرپور جوابی وارنے دشمن کے تکبر کو خاک میں ملا دیا۔ یہ بات پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کی آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں شاندارکامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر ایئر ہیڈ کوارٹرز، اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطا ب کے دوران کہی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ اس تقریب کے مہما ن خصوصی تھے۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے مزید کہا کہ میں پاکستانی قوم کو یقین دلاتا ہوں پاک فضائیہ ہر طرح کے خطرات کا سامنا کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ ہم پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاک فضائیہ قومی دفاع کو مقدم سمجھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے سال ہماری قومی قیادت نے یہ واضح کر دیا تھا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی جارحیت کا جواب دینے کے علاوہ ہمارے پاس کوئی دوسرا راستہ نہ تھا تاہم موئثر اور ذمہ دارانہ ردِ عمل ہماری ترجیح تھی۔کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ پاک فضائیہ اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ فعل کے جواب میں ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کرے گی۔
پاک فضائیہ کے سابق سربراہان اور عہدیداران کی ایک کثیر تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی۔ قبل ازیں پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔ پاک فضائیہ کے ایف 16، جے ایف 17 اور میراج طیاروں کی فارمیشنز کے شاندار فلائی پاسٹ نے اس تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ فضائیہ اسکول اینڈ کالج کے طلباء و طالبات نے اس تقریب میں جوش و جذبے کے ساتھ ترانے اور ملی نغمے بھی پیش کئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں