سرسید یونیورسٹی میں جاب فیئر کا انعقاد، 90 سے زائد مشہور صنعتی اداروں کی شرکت  

کراچی: سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ گائیڈنس سینٹر نے شعبہ کمپیوٹر انجینئرنگ کے اشتراک سے ایک شاندار جاب فیئر کا انعقاد کیا جس میں 90سے زائد کمپینیوں نے اپنے اسٹالز لگائے ۔ مذکورہ ادارے سرسید یونیورسٹی کے طلباء کو ملازمتوں کے حصول میں مدد اور رہنمائی فراہم کریں گی ۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر محترم ذبیر باجوہ نے سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین اور رجسٹرار سیدسرفراز علی کے ہمراہ جاب فیئر کا افتتاح کیا ۔ شعبہ گائیڈنس سینٹر کے جناب سراج خلجی اور شعبہ کمپیوٹر انجینئرنگ کے چیئرمین ڈاکٹر شکیل احمد سمیت طلباء کی ایک کثیر تعداد نے جاب فیئر میں شرکت کی ۔
جاب فیئر میں طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر محترم ذبیر باجوہ نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور ہم اپنا مستبقل بہتر بنائیں گے ۔ یہ ضروری نہیں ہے کہ ہر ایک کو جاب مل جائے لہذا entrepreneurship پر توجہ دینی بہت ضروری ہے ۔ آج دنیا بھر میں entrepreneurship کو اہمیت دی جارہی ہے ۔


اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے چانسلر محترم جاوید انوار نے کہا کہ جاب فیئر سے جامعہ اور دیگر اداروں کے مابین موثر روابط استوار ہوتے ہیں جو طلباء و طالبات کے لیے ملازمتوں کے حصول کو آسان بناتے ہیں ۔ حصول علم کے بعد اچھی ملازمت کا حصول ہر طالب علم کی خواہش ہوتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ سرسید یونیورسٹی میں اس طرح کے پروگراموں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے ۔ جاب فیئر کاروباری اداروں اور طلباء کے مابین براہ راست ملاقات کا موقع فراہم کرتی ہے ۔ اس سے طلباء کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے اور ان کی قوت فیصلہ مضبوط ہوتی ہے جو عملی زندگی میں ان کی کامیابی کا باعث بنتی ہے ۔
انھوں نے کہا کہ سرسید یونیورسٹی کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہاں ایسا سازگار ماحول فراہم کیا جاتا ہے کہ طلباء اپنی سوچ و فکر، تعلیم و تحقیق اور نالج کو عملی شکل میں بہترین انداز سے پیش کر سکیں ۔ سرسید یونیورسٹی کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ طلباء کی تربیت اور گرومنگ، جاب مارکیٹ کے مطابق کرے ۔ یہی وجہ ہے کہ سرسید یونیورسٹی کے انجینئرز نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ۔
سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے طلباء کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھائیں اور صنعتکاروں اور اداروں کو اپنی قابلیت اور صلاحیتوں ک بارے میں بتائیں اور انھیں قائل کریں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں