آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی میں انسداد پولیو کی قومی مہم کا آغاز


کوٹلی :آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی میں انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر میجر (ر) ناصر رفیق نے مہم کا آغاز کیا، جو 13 اکتوبر سے 16 اکتوبر 2025 تک جاری رہے گی۔ اس مہم کا مقصد ضلع کے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے اور وٹامن اے کے کیپسول فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سید شفقت حسین شاہ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع کوٹلی میں 556 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھروں گھروں جا کر بچوں کو ویکسین پلائیں گی۔

ڈاکٹر شفقت نے کہا کہ پولیو سے بچاؤ کی یہ مہم نہ صرف محکمہ صحت بلکہ ہر شہری، ہر خاندان اور ہر سرکاری ملازم کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر بھر میں انسداد پولیو مہم کو ایک قومی، مذہبی اور دینی فریضہ سمجھ کر بھرپور انداز میں سرانجام دینا ہوگا تاکہ ملک سے پولیو کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

یہ مہم پاکستان کے دیگر اضلاع اور آزاد کشمیر کے علاقوں میں جاری مہمات کے عین مطابق ہے، جس کا مقصد بچوں کو موذی مرض سے بچانا اور ایک صحت مند نسل کو فروغ دینا ہے۔