برطانیہ میں کتے کے کاٹنے سے بچے کی ہلاکت کے ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں عدالت نے انوکھا فیصلہ کرکے سب کو حیران کردیا۔
فارم ہاؤس کے پالتو کتے کے کاٹنے سے ہلاک ہونے والے 3 سالہ بچے کے والدین کو جج کی جانب سے واقعے کے تین سال بعد قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
یہ واقعہ 15 مئی 2022 کو کیر فارم ہاؤس روچڈیل میں پیش آیا۔ تین سالہ بچے ڈینیئل ٹوِگ کو کین کورسو نامی ایک خطرناک نسل کے کتے نے اُس وقت حملے کا نشانہ بنایا جب وہ فارم پر ایک باڑے میں تھا۔
کتے کے حملے کے نتیجے میں بچے کے سر اور گردن پر شدید زخم آئے، اُسے فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم دوران علاج وہ جان کی بازی ہار گیا۔
عدالت میں پولیس حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ حملہ کرنے والا کتا “سِڈ” ان 11 کتوں میں سے ایک تھا جن کی صحت خراب ہونے کے باوجود اس فارم ہاؤس میں رکھا گیا تھا، بچے کے والدین اس واقعے سے دو ماہ قبل ہی یہاں منتقل ہوئے تھے۔
عدالت نے بچے کے والد 43 سالہ مارک ٹوِگ اور والدہ 37 سالہ جو این بیڈ فورڈ کو لاپرواہی، غفلت برتنے اور خطرناک کتے کو قابو میں نہ رکھنے کے جرم میں قصور وار قرار دیا۔
عدالت ماں کو ساڑھے تین سال قید جبکہ بچے کے باپ کو 2 سال 8ماہ قید کی سزا سنائی۔ ساتھ ہی دونوں کو پابند کیا کہ وہ اگلے 15 سال تک کسی کتے کو نہیں پالیں گے۔























