
بفرزون میں بیرون ملک سے آنے والی فیملی کو لوٹ لیا گیا
09 اکتوبر ، 2025
کراچی (اسٹاف رپورٹر) تیموریہ تھانہ کی حدود بفرزون 15 اے ون میں امریکا سے آنے والی فیملی سے کار سوار ڈاکوؤں نے گھر کے سامنے لوٹ مار کی اور موقع سے فرار ہوگئے۔
===============
جناح اسپتال میں مریضوں کو آپریشن کی لمبی تاریخیں دیئے جانے کا انکشاف
09 اکتوبر ، 2025
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) میں آپریشن کے لیے آنے والے مریضوں کو دو دو سال بعد کی تاریخیں دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس نے علاج کے منتظر مریضوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے، ایک مریض جسے سال 2027 کی آپریشن تاریخ دی گئی نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں بتایا کہ وہ شدید تکلیف میں مبتلا ہے، مگر اسپتال انتظامیہ نے دو سال بعد کی تاریخ دے کر مایوس کر دیا ، مریض نے حکومت اور محکمہ صحت سے فوری آپریشن کرانے کی اپیل کی، ترجمان جناح اسپتال کے مطابق، آپریشن کی طویل تاریخیں دینے کی بنیادی وجہ مریضوں کی بے پناہ تعداد اور ماہر ڈاکٹروں کی کمی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اسپتال انتظامیہ حالات کو بہتر بنانے کے لیے اضافی وسائل اور عملے کی فراہمی کے لیے محکمہ صحت سے رابطے میں ہے۔
======================
میڈیا ہاؤسز سندھ میں ادائیگیوں کے منتظر ہیں، ادائیگیوں میں تاخیر، یہ سندھ حکومت کا طرز عمل ہے
میڈیا اداروں کو اشتہارات کی مد میں بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے ادائیگیوں میں کسی قسم کی تاخیر یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سیکریٹری اطلاعات سندھ ندیم الرحمان میمن کی زیر صدارت ڈائریکٹوریٹ آف ایڈورٹائزمنٹ کا ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں سرکاری اشتہارات کی ادائیگیوں کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری اطلاعات نے تمام میڈیا اداروں ’جن میں اخبارات، ٹی وی چینلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز شامل ہیں ‘کو اشتہارات کی مد میں بروقت اور شفاف ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام ادائیگیاں حکومتی اشتہاری پالیسی کے تحت مکمل شفافیت کے ساتھ کی جائیں تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کا خاتمہ ممکن ہو اور حکومت و میڈیا کے مابین پیشہ ورانہ اور اعتماد پر مبنی تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل اطلاعات معیزالدین پیرزادہ، ڈائریکٹر اشتہارات محمد یوسف کابورو، ڈپٹی ڈائریکٹرز سارنگ لطیف چانڈیو، ظفراللہ ملاح اور اطلاعات افسر لیاقت جمالی نے شرکت کی۔
========================
بی آئی ایس پروگرام میں گھپلے، ڈیٹا کی عدم دستیابی کے باوجود ادائیگیاں
09 اکتوبر ، 2025FacebookTwitterWhatsapp
حیدرآباد (بیورو رپورٹ) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں گھپلے‘ شوہر کے این آئی سی کی ڈیٹا میں عدم دستیابی کے باوجود لاکھوں مستحق خواتین کو ادائیگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور نادرا کے درمیان 11 دسمبر 2019ءکو ایک معاہدہ کیا گیا تھا جس کی کم از کم مالیت 225ملین روپے تھی‘ اس معاہدے کے تحت نادرا کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو وہ خدمات فراہم کرنا تھیں جن کی تفصیل ضمیمہ سے میں دی گئی ہے۔ ضمیمہ اے کی شق 3(a & c) کے مطابق نادرا اپنے وسائل اور نظام کے ذریعے 6 فیلڈز کی توثیق کرے گا جس میں شناختی کارڈ نمبر‘ نام‘ والد / شوہر کا نام‘ جنس‘ تاریخ پیدائش‘ اور ازدواجی حیثیت شامل تھے‘ مزید براں نادرا صرف ان گھرانوں کے لیے (جن کے PMT اسکور انہیں مستحق قرار دیتے ہیں) شوہر / والد کا سی این آئی سی نمبر اور موجودہ پتہ فراہم کرے گا تاکہ ان کی زمینی جانچ پڑتال کی جاسکے۔ وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا تھا کہ سرکاری ملازمین اور ان کے شریک حیات کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ریگولر یو سی ٹی انکنڈیشنل کیش ٹرانسفر پروگرام سے خارج کیا جائے گا۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی انتظامیہ نے 2024ءتک نیشنل سوشو اکنامک رجسٹری سروے کی بنیاد پر 9.3ملین خواتین کو یو سی ٹی پروگرام کے تحت شامل کیا۔ آڈٹ میں مشاہدہ کیا گیا کہ ان 9.3ملین میں سے 3,077,716 خواتین مستحقین کے شوہر کا قومی شناختی کارڈ بی آئی ایس پی کے پاس دستیاب نہیں تھا‘ ان مستحقین کو مالی سال2023-24ءکے دوران مجموعی طور پر 116,953.208ملین روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔ آڈٹ کا موقف تھا کہ شوہر کا قومی شناختی کارڈ دستیاب نہ ہونے کی صورت میں اس امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا کہ سرکاری ملازمین‘ کاروباری حضرات یا دیگر غیر مستحق افراد کے شریک حیات کو مالی امداد مل رہی ہو۔ انتظامیہ نے جواب دیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی اہلیت کے لیے مستحقین کی پروفائلنگ NSER ڈیٹا کی بنیاد پر نہیں کی جاتی بلکہ یہ کام نادرا کے ساتھ ایک الگ معاہدے کے تحت BISP کا کیش ٹرانسفر (CT) ونگ کرتا ہے‘ اس پروفائلنگ کے دوران مستحقین کے CNIC نمبرز کو نادرا کے ڈیٹا بیس سے ملا کر مندرجہ ذیل فلٹرز لاگو کیے جاتے ہیں جس کی سرکاری ملازمت‘ پنشن لینے والا ہونا‘ اعلیٰ آمدنی کی نشانیاں و دیگر معیار شامل ہیں یہ چیک نہ صرف ابتدائی مرحلے میں بلکہ ہر قسط کی ادائیگی سے قبل بھی کیے جاتے ہیں تاکہ غیر مستحق افراد کو خارج کیا جاسکے۔ ڈی اے سی نے اپنی میٹنگ 2 جنوری 2025ءکو ہدایت دی کہ ان کیسز کی BISP-MIS سے نمونہ کی بنیاد پر جانچ کرائی جائے‘ آڈٹ نے سفارش کی کہ مستحق خواتین کے شوہروں کا CNIC ڈیٹا آڈٹ کو فراہم کیا جائے تاکہ ڈیٹا کی موثر تصدیق کی جاسکے۔
========================
اورنگی ٹاؤن میں بیوی نے فائرنگ کرکے شوہر کو قتل کردیا
09 اکتوبر ، 2025
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) اورنگی ٹاؤن میں بیوی نے فائرنگ کر کے شوہر کو قتل کر دیا،تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ گلی نمبر 4 میں واقع گھر میں فائرنگ کے واقعہ میں 35 سالہ محمد حسین ولد محمد سلیم جاں بحق ہو گیا، لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا،پولیس نے بتایا کہ ملزمہ نے شوہر سے خلع کا کیس دائر کر رکھا ہے اور وہ اپنی میکے میں رہ رہی ہے۔ گذشتہ ہفتے مقتول نے ان کے گھر آ کر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں خاتون کا والد، بھائی اور بہن گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے تھے جبکہ خاتون کا والد اس وقت آئی سی یو میں ہے، بدھ کو بھی مقتول نے تیس بور پستول کے ہمراہ ان کے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر اس کی بیوی نے اپنے پاس موجود نائن ایم ایم پستول سے اس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہو گیا۔
الیکٹرک ٹیکسی اور پنک ٹیکسی سروسز منصوبوں پر متحرک ہیں، شرجیل میمن
09 اکتوبر ، 2025FacebookTwitterWhatsapp
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی کمپنیاں یہاں آئیں اور سرمایہ کاری کریں، سندھ میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بین الاقوامی معیار کی سروسز متعارف کروانے کے لیے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، ہم الیکٹرک ٹیکسی سروس اور پنک ٹیکسی سروس منصوبوں پر تیزی سے پیش رفت کے لئے مسلسل متحرک ہیں،وہ بدھ کو یہاں اپنے دفتر میں برقی گاڑیاں تیار کرنے والی ایک معروف ملٹی نیشنل کمپنی کے وفد سے گفتگو کررہے تھے، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی ایم ڈی کنول نظام بھٹو اور سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو بھی شریک تھے، کمپنی کے نمائندوں نے سینئر وزیر کو اپنی برقی گاڑیوں کے ماڈلز، خصوصیات اور ٹیکنالوجی سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا، وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ حکومتِ سندھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں جدت لانا چاہتی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ سندھ میں برقی ٹرانسپورٹ کا مضبوط نظام قائم ہو، الیکٹرک گاڑیوں کے ساتھ ساتھ ان کے چارجنگ اسٹیشنز، مینٹی ننس سینٹرز اور دیگر بنیادی انفرا اسٹرکچر کی تعمیر میں بھی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، دھابیجی اسپیشل اکنامک زون سرمایہ کاروں کے لیے ایک بہترین موقع ہے، اس زون میں 10سالہ ٹیکس استثنیٰ سمیت متعدد مراعات دی جا رہی ہیں، ہمارا ہدف ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے تمام بڑے شہروں میں الیکٹرک ٹیکسی سروس جلد از جلد شروع کی جائے۔
=================
ایجوکیشنل سوسائٹی کی تجدید میں بے قاعدگی، ایڈیشنل سیکریٹری جنید احمد کو شوکاز
09 اکتوبر ، 2025FacebookTwitterWhatsapp
کراچی( اسٹاف رپورٹر) چیف سکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے محکمہ صنعت و تجارت کے گریڈ19کے ایڈشنل ڈائریکٹر جنید احمد کو بیس ایجوکیشنل سوسائٹی کی تجدید میں بے قاعدگی کی شکایت پر شوکاز نوٹس دے دیا ہے اوران سے 15 روز میں جواب طلب کرلیا ہے شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ اپنی سرکاری ذمہ داریاں انجام دینے میں ناکام رہے اور بیس ایجوکیشنل سوسائٹی کی تجدید برائے سال 2025-2020 کے ریکارڈ کی صحیح جانچ پڑتال میں غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پائے گئے۔ تجدید 14 فروری 2025 کو منعقدہ ایک متنازعہ جنرل باڈی میٹنگ (GBM) پر مبنی تھی، جس کی آپ 20 فروری 2025 کو عمل کے دوران تصدیق کرنے میں ناکام رہے لہذا یہ اقدام بدتمیزی اور نااہلی کے مترادف ہے۔
======================
پیپلزپارٹی ایم پی اے سمیت دیگر افراد پر خواتین کے اغوا کا مقدمہ درج
09 اکتوبر ، 2025FacebookTwitterWhatsapp
دادو(نامہ نگار جاوید ناریجو) دادو میں کشمور ضلع سے منتخب پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سردار عابد سندرانی سمیت دیگر افراد کے خلاف تین خواتین کے اغوا کا مقدمہ میہڑ کے اے سیکشن تھانے میں گناہ نمبر 349/2025کے تحت رامپور محلہ کی رہائشی حسینہ ڈھر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں الزام عائد کیا گیا کہ میر احمد جاگیرانی اور اس کی والدہ مسماۃ نظیران جاگیرانی حسینہ ڈھر کی بیٹی فوزیہ کو فون پر ہراساں کرتے تھے اور کئی بار ان کے گھر بھی آئے، جبکہ 20اگست کو میر احمد جاگیرانی، اس کی والدہ اور تین نامعلوم افراد اسلحے کے زور پر گھر میں داخل ہوئے اور حسینہ ڈھر کی بیٹی فوزیہ، نسرین اور بھتیجی فاطمہ کو زبردستی ریوا گاڑی میں اغوا کر کے لے گئے۔ واقعے کے بعد متاثرہ خاتون نے پہلے مقامی معززین سے رجوع کیا اور ایک ماہ بعد پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سردار عابد خان سندرانی کے پاس گئیں، جہاں سردار عابد خان نے ملزمان سے فون پر بات کی اور خواتین کو واپس کرنے کیلئے 9ستمبر کو آنے کا کہا۔ متاثرہ خاتون کے مطابق جب وہ اپنے بیٹے نعیم کے ساتھ مقررہ تاریخ پر سردار عابد خان سندرانی کے پاس پہنچی تو رکن سندھ اسمبلی نے خواتین کی واپسی کے بدلے 30سے 40 لاکھ روپے تاوان طلب کیا۔ تاہم ایس ایس پی دادو امیر سعود مگسی کا کہنا ہے کہ مدعیہ مقدمے سے دستبردار ہوچکی ہے اور تین چار روز قبل ہی اس نے اپنا موقف تبدیل کرتے ہوئے کہا کہ غلط فہمی کی بنیاد پر نام شامل کیے گئے تھے۔ میہڑ سے نا مہ نگار کے مطابق ڈیڑھ ماہ قبل بچی سمیت 2عورتیں مبینہ طور اغوا ہوگئیں ۔ پی پی ایم پی اے سمیت 9ملزمان پر غوا اور تاوان کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پی پی ایم پی اے میر عابد خان سندرانی پر تاوان طلب کرنے کا الزام۔ تفصیلات کے مطابق میہڑ میں ڈیڑھ ماہ قبل رامپور محلہ سے ایک بچی فاطمہ سمیت 2عورتیں 32سالہ فوزیہ 42سالہ نسرین مبینہ اغوا ہوگئیں ہیں جبکہ میہڑ تھانہ اے سیکشن پر مسمات حمیداں ڈہر کی مدعیت میں ایف آئی آر نمبر 349/2025دفعات u/s 365۔496بی پی پی سی کے تحت پیپلز پارٹی کندھ کوٹ کے ایم پی اے میر عابد خان سندرانی۔ رہزن جاگیرانی ۔ میراحمد جاگیرانی اس کی بیوی زھران جاگیرانی سمیت 9افراد کیخلاف اغوا اور تاوان کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دوسری جانب دوسرے علاقے کے معاملے پر مقدمہ درج کرنے کے الزام میں محکمہ پولیس کے حکام نے تھانہ اے سیکشن کے ایس ایچ او عبدالوحید پہنور کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مبینہ اغوا ہونے والی عورتیں ایک پولیس آفیسر کی قریبی رشتےدار بتائی جاتی ہیں جبکہ علاقے میں یہ افواہ چل رہی ہیں کہ عورتیں ایک دعوت میں گئی تھیں۔ جس کے بعد واقعہ پیش آیا ہے۔ دریں اثناء پی پی ایم پی اے میر عابد خان سندرانی سے رابطہ کیا گیا لیکن رابطہ نہیں ہوسکا۔
کراچی: بھتہ کے 118 مقدمات میں 36 اصلی، 82 کیسز باہمی تنازعات پر درج کرائے گئے
09 اکتوبر ، 2025FacebookTwitterWhatsapp
کراچی( افضل ندیم ڈوگر) ایک سال کے دوران کراچی میں بھتے کے 118مقدمات رپورٹ ہوئے۔ پولیس حکام کے مطابق ان کیسز میں سے صرف 36 مقدمات اصل الزامات پر مشتمل تھے جن میں بھتہ طلب کیا گیا۔ باقی 82 مقدمات ایسے تھے جو مختلف گروپوں، اداروں یا افراد کے باہمی لین دین کے تناظر میں درج کرائے گئے تھے۔ بھتہ کے اصل 36 مقدمات میں سے 16 میں لیاری گینگ وار کے ملزمان ملوث پائے گئے۔ پولیس حکام کے مطابق ان 16 میں سے 12 مقدمات کو حل کرلیا گیا۔ ان کیسز میں ملوث 4 ملزمان پولیس مقابلے میں مارے جاچکے جبکہ 3 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ حکام کے مطابق بیشتر کیسز میں کسی مدعی نے تاحال بھتہ نہیں دیا صرف مختلف ملزمان نے فون کالز کے ذریعے دھمکیاں دے کر بھتہ طلب کیا یا کچھ واقعات میں مدعیان کی پراپرٹیز فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
جاری منصوبوں کی رفتار تیز، قابل تجدید توانائی کو فروغ دیا جائے، مراد علی شاہ
09 اکتوبر ، 2025FacebookTwitterWhatsapp
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ توانائی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےمحکمہ توانائی اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہےکہ جاری منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے، دیہی اور صنعتی شعبوں کو بجلی کی مستحکم فراہمی یقینی بنائی جائے اور تھر کول کے ساتھ ساتھ قابلِ تجدید توانائی کو بھی فروغ دیا جائے۔ اجلاس میں وزیر اعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تھر کول بلاک ون منصوبے میں اب تک 3 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے جبکہ اس کے ذریعے 3 ہزار مقامی افراد کو روزگار ملا ہے، تھر کے علاقے میں ماحولیاتی توازن بہتر بنانے کے لئے 3 لاکھ 75 ہزار درخت لگائے گئے ہیں۔ اجلاس میں صوبے کے بڑے توانائی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اب تک بلاک ون سے 1 کروڑ 59 لاکھ 70 ہزار ٹن کوئلہ نکالا جا چکا ہے جس سے 21 ہزار 500 گیگاواٹ گھنٹے بجلی پیدا کی گئی جو قومی گرڈ میں شامل کی گئی ہے اور یہ بجلی تقریباً 40 لاکھ گھروں کو فراہم کی جا سکتی ہے۔























