
اسلام آباد:چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اسلام آباد واٹر ایجنسی کے تحت پانی اور سیوریج کے ممکنہ منصوبوں کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ڈی جی اسلام آباد واٹر، ڈی جی پی اینڈ سی اے، آئی ایف سی کے وفد، پی تھری اے کے نمائندگان سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے اسلام آباد کے شہریوں کو صاف اور محفوظ پانی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے جدید اور پائیدار حل اپنانے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سیوریج سسٹم کی بہتری اور صاف پانی کے منصوبوں پر جلد عملی طور پر کام کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سلسلہ میں اسلام آباد واٹر ایجنسی کو جدید سہولیات، ماہرین، تکنیکی معاونت اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کیلئے بھر پور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں پانی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے مختلف منصوبوں سمیت پانی کے ضیاع کو روکنے اور لائنز لاسز کو ختم کرنے کیلئے مختلف منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسی طرح پانی کے ضیاع کو روکنے، اس کے دانشمندانہ استعمال اور بچت کیلئے متعدد اقدامات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ اس ضمن میں صاف اور معیاری پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام شعبوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔اجلاس میں واٹر میٹرنگ پراجیکٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا























