
پریس ریلیز
کراچی (۔ ) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے زیر اہتمام غزہ میں اسرائیلی مظالم کے دو سال مکمل ہونے کے خلاف خواتین اور بچوں کی جانب سے عظیم الشان “غزہ واک” کا انعقاد کیا گیا۔ یہ واک خالد بن ولید روڈ سے شاہراہ قائدین تک نکالی گئی جس میں ہزاروں خواتین اور بچوں نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے فلسطینی پرچم، پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور اسرائیل کے خلاف زوردار نعرے بازی کرتے ہوئے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا۔
واک کے اختتام پر صدر مرکزی مسلم لیگ کراچی احمد ندیم اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جیل کہلانے والا غزہ آج سب سے بڑے قبرستان میں تبدیل ہو چکا ہے۔ اسرائیلی جارحیت نے غزہ کو ملبے کے ڈھیر میں بدل دیا ہے، لاکھوں فلسطینی بچے اور خواتین بھوک و افلاس کا شکار ہیں، مگر عالمی طاقتیں اور مسلم حکمران مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہماری مائیں، بہنیں اور بچے غزہ کے مظلوم عوام سے یکجہتی کے لیے سڑکوں پر نکلے ہیں۔ ہم ان بہادر فلسطینی ماؤں کو سلام پیش کرتے ہیں جو ظلم و جبر کے باوجود اپنی بیٹیوں کو ظالم یہودی فوج کے سامنے ڈٹنے کے لیے تیار کررہی ہیں۔ یہ صبر، قربانی اور مزاحمت کی تاریخ ہے جسے دنیا کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔
احمد ندیم اعوان نے مسلم حکمرانوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ کرسیوں پر بیٹھنے کے بجائے عملی اقدامات کریں۔ فلسطینی عوام کی اصل مدد اسرائیل کے سیاسی و معاشی بائیکاٹ سے ممکن ہے۔ انہوں نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ دو ریاستی حل کوئی حل نہیں، اصل ضرورت اسرائیلی جارحیت کو روکنے کی ہے۔ ظلم کا انجام ناکامی ہے اور اسرائیل کا مقدر شکست ہے۔























