ملز مالکان کی مخالفت، کرشنگ سیزن سے چند ہفتے قبل، حکومت نے چینی کی درآمد کا ایک اور ٹینڈر کھول دیا


طاہر شیرانیشائع 2 گھنٹے پہلے
شوگر ملز مالکان کی مخالفت اورکرشنگ سیزن شروع ہونے سے چند ہفتے قبل وفاقی حکومت کی جانب سے مزید چینی کی درآمد کے اقدامات جاری ہیں، ٹریڈنگ کارپوریشن نےایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمدکےلیے ٹینڈر کھول دیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمدکےلیے ٹینڈرکھول دیا، ٹی سی پی کوگزشتہ ٹینڈر کے مقابلے میں کم ریٹ پر بولیاں موصول ہوئی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو ٹینڈر کے تحت 4 بولیاں موصول ہوئیں، ٹی سی پی کو ٹینڈر میں کم سے کم بولی 533 ڈالرز فی میٹرک ٹن ملی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹی سی پی نےچینی کےایک لاکھ میٹرک ٹن کا ٹینڈرآج کھولا، ٹینڈرکے تحت 533 سے 567.50 ڈالرز فی میٹرک ٹن بولیاں موصول ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق ٹینڈرکےتحت ای ڈی اینڈ ایف مین شوگر لندن نےسب سے کم بولی دی، کسی بھی شکایت کےلیےٹی سی پی نےکل شام 5 بجے تک کا وقت دیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن چینی درآمد کرنے کی مخالفت کرچکی ہے، ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں چینی کا وافر ذخیرہ موجود ہے، اس لیے درآمد کی ضرورت نہیں۔

اس سے قبل ٹی سی پی نے ایک لاکھ ٹن چینی کی درآمد کا ٹینڈر 23 ستمبر کو کھولا تھا، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کوٹینڈر کے تحت4بولیاں موصول ہوئیں تھیں۔

ٹی سی پی کو ٹینڈر میں کم سے کم بولی 534.75ڈالرزفی میٹرک ٹن ملی تھی، لوئس ڈرئیفوس کمپنی سوئٹزرلینڈ نےسب سے کم بولی دی تھی۔

وفاقی کابینہ نےاس سال جولائی میں5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دی تھی، حکومت نےچینی کی درآمد پر ٹیکسزسے استثنیٰ دے رکھا ہے۔