امریکا، طالبان کے درمیان امن معاہدے پر جلد دستخط ہوں گے، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان امن معاہدے پر جلد دستخط ہوں گے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔ دفتر خارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں امن و استحکام دیکھنے کا خواہاں ہے جبکہ اس معاہدے کے نتیجے میں انٹر افغان مذاکرات کا آغاز ہوگا۔ ‘توقع ہے امریکی صدر دورہ بھارت میں مسئلہ کشمیر اٹھائیں گے’
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کئی بار کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی ہے، ہم توقع کرتے ہیں کہ ان کے دورہ بھارت کے دوران وہ کشمیر کا مسئلہ بھارتی قیادت کے سامنے اٹھائیں گے اور ان کی جانب سے مصالحت کی پیشکش ٹھوس عملی اقدامات کے ذریعے آگے بڑھے گی۔ عائشہ فاروقی نے امریکی سینیٹرز کی جانب سے امریکی سیکریٹری خارجہ کو تحریر کردہ خط کا خیر مقدم کیا، جس میں مقبوضہ کشمیر میں عوام کی مشکلات و مصائب کی طرف توجہ دلائی گئی تھی۔ 
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کشمیری عوام کے حق میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں اور بھارتی حکومت سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بنیادی آزادی کی فراہمی، کالے قوانین کے خاتمے اور اقوام متحدہ کے قراردادوں کے مطابق تنازع کے منصفانہ حل کے مطالبات کیے جاتے ہیں۔

‘انتونیو گوتریس،ترک صدر کا دورہ پاکستان پر اعتماد کا اظہار’
ترجمان دفتر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے حالیہ دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ سطح پر یہ دورے عالمی برادری کا امن و استحکام میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار پر اعتماد کا اظہار ہے۔
چین میں کورونا وائرس کی تازہ صورتحال کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بیجنگ میں ہمارے مشن کے دو افسران پر مشتمل ٹاسک فورس کو چینی شہر ووہان میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ وہاں مقیم پاکستانی طلبا کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس نے پہلے ہی ووہان میں 7 جامعات کے دورے کیے ہیں اور ان طلبا سے فرداً فرداً اور ان جامعات کی انتظامیہ سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔
سعودیہ میں صرف پاکستانی تارکین وطن کی گرفتاری کا تاثر مسترد
سعودی عرب میں پاکستانی شہریوں کی گرفتاری کے حوالے سے عائشہ فاروقی نے اس تاثر کو سختی سے مسترد کیا کہ صرف پاکستانی تارکین وطن کو ہی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت ہر سال ماہ رمضان سے قبل تمام غیر قانونی تارکین وطن اور ورکرز کے خلاف آپریشن کرتی ہے، سعودی حکام نے اس مہم کے دوران دیگر ملکوں کے شہری بھی گرفتار کیے ہیں۔
عائشہ فاروقی نے کہا کہ جدہ میں ہمارا قونصلیٹ اس سلسلے میں سعودی حکام کے ساتھ مستقل رابطے میں ہے اور پاکستانی برادری کے مفادت کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں