مصر: طلبہ کو ’بیلی ڈانس‘ دکھانے پر پرنسپل و اساتذہ کے خلاف کارروائی

افریقی ملک مصر میں اسکول کے طلبہ کو ’بیلی ڈانس‘ دکھانے والے پرنسپل کو معطل کرکے اساتذہ کا تبادلہ کردیا گیا۔

بیلے ڈانس مشرق وسطیٰ اور خاص طور پر مصر، مراکش، الجزائر، الجیریہ، تیونس، اور لبنان سمیت دیگر ممالک میں کافی مقبول ہے جب کہ مصری عوام اور ادارے اس ڈانس کو اپنا ثقافتی ڈانس مانتے ہیں۔

مصر میں عام تقریبات میں بھی بیلے ڈانس کی پرفارمنس کی جاتی ہے تاہم اس ڈانس کے چند انداز پر پابندی عائد ہے یا انہیں مصری معاشرے میں اچھا نہیں سمجھا جاتا۔

عرب اخبار ’خیلج ٹائمز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ مصر کے صوبے منوفیہ کے شہر السادات کے ایک اسکول میں نوجوان طلبہ کو ڈیجیٹل اسکرین پر قدرے نامناسب بیلے ڈانس دکھایا گیا تھا جس پر حکومت نے نوٹس لیا۔

اخبار نے اپنی رپورٹ میں مصر کے عربی اخبار ’الوطن‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پرنسپل اور اساتذہ نے اتوار کی چھٹی سے قبل آخری کلاس میں طلبہ کو بڑی ڈیجیٹل اسکرین پر بیلے ڈانس کی پرفارمنس دکھائی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جہاں اساتذہ نے طلبہ کو بیلے ڈانس دکھایا، وہیں انہیں مصر کے معروف گلوکار محمد رمضان کا گانا گانے کا بھی کہا اور اس گانے پر بھی طلبہ نے پرفارمنس کی۔

رپورٹ میں ایک اور مصری اخبار ’الیوم‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کو بیلے ڈانس کی ویڈیو دکھائے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد منوفیہ صوبے کے اعلیٰ تعلیمی افسرا نے واقعے کا نوٹس لیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اعلیٰ تعلیمی افسران نے واقعے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر اسکول کے پرنسپل کو نوکری سے فارغ کردیا۔

رپورٹ کے مطابق مذکورہ واقعہ ’الفاروق عمر سیکنڈری اسکول فار بوائز‘ میں پیش آیا جس کے 18 اساتذہ کا تبادلہ بھی دوسرے اسکول کردیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ واقعے کی تحقیق کرنے والے افسران نے اعلیٰ تعلیمی افسران کو بیلے ڈانس دیکھنے اور ایک گانے پر پرفارمنس کرنے والے 20 طلبہ کا داخلہ بھی ختم کرنے کی سفارش کی ہے تاہم تاحال ان کا داخلہ ختم نہیں کیا جا سکا۔

رپورٹ کے مطابق مبینہ طور پر طلبہ کو مصر میں فحش سمجھے جانے والی بیلے ڈانس دکھائی گئی تھی جس پر حکومت نے پابندی عائد کر رکھی ہے۔

طلبہ کو اسٹریٹ بیلے ڈانس دکھایا گیا تھا جس میں خواتین ڈانسرز انتہائی فحش انداز میں گلی میں چلتے افراد کے سامنے انداز دکھاتی ہیں اور اس طرز کے ڈانس پر مصر میں پابندی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں