گلوبل پورٹل کا اجرا ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت میسر ہوگی

لاہور : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ گلوبل پورٹل سےبیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت میسر ہوگی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے اعتماد بحال ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سیف سٹی اتھارٹی میں اورگلوبل پورٹل اجرا کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا گلوبل پورٹل سےبیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت میسر ہوگی، اپنے ملک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اعتماد بحال ہو گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گلوبل پورٹل کا اجرا پولیس کا قابل تحسین اور متاثر کن اقدام ہے، ترجیح ہے ملک میں امن وقانون کی عملداری ہرصورت ممکن بنائی جائے، سمندر پار پاکستانی محفوظ ماحول تک سرمایہ کاری میں دقت محسوس کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ معیشت کی ترقی امن کی بہترصورتحال اور قانون کی عملداری سےجڑی ہے، دولت کی پیداوار کی بدولت ہی ملکی معیشت ترقی کرے گی، ہماری اولین ترجیح قانون کی عملدار ی اور عوام الناس کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، اس ضمن میں پولیس کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا تیزی سے ہماری آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے، ہمیں محدود وسائل میں قانون کی عملداری اور امن پر ترجیحات مرتب کرنی ہں اور ان ہی وسائل میں بہتر سروس ڈلیوری کے لیے ان تھک محنت کرنی ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاحت کی بے پناہ صلاحیت ہے، سیاحت کا فروغ بھی قانون کی عملداری اور امن صورتحال میں بہتری پرمنحصر ہے، ملک میں محفوظ ماحول کی فراہمی ہر صورت ممکن بنائی جائے۔

عمران خان نے ہدایت کی کہ بڑے جرائم پیشہ عناصر اور قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور ایکشن لیں ، پولیس میں سزا اور جزا کے نظام کو رائج کرنے پربھرپور توجہ دی جائے، بغیر پولیس میں بہتری ممکن نہیں ہو گی۔

انھوں نے کہا کہ 2 چیزیں ہمارے مستقبل کے لیے بہت اہم ہیں، بچوں کو ہر قسم کے استحصال سے تحفظ فراہم کرنا ہے ، ملاوٹ کی روک تھام ضروری ہے، توقع کرتا ہوں کہ 2اقدامات کے خلاف بھرپور ایکشن لیں گے ، کیونکہ ان پر ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل منحصر ہے ، بچوں کوتحفظ فراہم کرنے اور ملاوٹ کے خلاف بھرپور اقدامات لیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں