عمران خان کا ایک اور تاریخی سبق- ہندوستان پر چھ سو سال ترک خلافت قائم رہی۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہندوستان پر چھ سو سال ترک خلافت قائم رہی۔

جمعے کو ترک صدر کے ساتھ اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کی گئی اس بات پر تاریخ دانوں اور طلبہ نے حیرت ظاہر کی ہے جبکہ سوشل میڈیا صارفین حسب معمول دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔

اسلام آباد سے صحافی باقر سجاد نے وزیراعظم کی ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کر کے لکھا ہے کہ ”مجھے عمران خان کے تاریخ سے متعلق علم پر حسد ہوتی ہے۔ جب بھی ان کو سنتے ہیں نئی معلومات ملتی ہیں۔“
لاہور سے صحافی فرحان احمد خان نے اس بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے فیس بک پر لکھا ہے کہ ”وزیراعظم پاکستان عمران خان تاریخ کے اسباق سیدھے کرواتے رہتے ہیں۔ ترک صدر ایردوان کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے قوم پر یہ انکشاف کیا کہ ترکوں نے 600 سال ہندوستان پر حکومت کی ہے۔“

فرحان احمد خان کے مطابق پاکستان میں تاریخ سے متعلق درسیات اپ ڈیٹ کرنے کی جتنی اب ضرورت ہے ،اتنی پہلے کبھی نہ تھی۔ ”اب نصابی کتابیں بنانے والے بورڈز کو باقاعدہ مانیٹرنگ ڈیسک قائم کرنے چاہییں جو وزیراعظم کی اندرون اور بیرون ملک کی گئی فی البدیہہ تقاریر کے نوٹس لیں اور کتابوں میں موجود واقعات کی تصحیح کریں۔“

سوشل میڈیا صارفین نے عمران خان کے جرمنی جاپان کے بارڈر ملانے والی تقریر بھی دوبارہ پوسٹ کرنا شروع کر دی ہے۔
Pakistan24.tv-report

اپنا تبصرہ بھیجیں