شنیرا اکرم نے بالآخر اعلان کر دیا ہے کہ وہ ایک پاکستانی فلم میں کام کر رہی ہیں

وسیم اکرم کے ساتھ مختلف فیشن شوز وغیرہ کا حصہ رہنے والی شنیرا اکرم نے بالآخر اعلان کر دیا ہے کہ وہ ایک پاکستانی فلم میں کام کر رہی ہیں۔
شادی سے قبل پبلسسٹ رہنے والی شنیرا اکرم پاکستان منتقل ہونے کے بعد بھی میڈیا میں فعال رہیں۔ تاہم ان کا یہ کردار ٹیلی ویژن شوز میں بطور مہمان شرکت یا سوشل میڈیا پر مائکروبلاگنگ وغیرہ تک محدود تھا-2013 میں وسیم اکرم سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی شنیرا نے جمعرات کے روز انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پاکستانی فلم کی شوٹنگ کے دوران ہونے والے تجربات شیئر کیے۔
انہوں نے لکھا کہ وہ اپنی پہلی پاکستانی فلم کی تیاری کے دوران اب تک ایک ’نروس شنیرا‘ رہی ہیں۔
فلم کے سیٹ پر اپنے 12 دنوں کی روداد سناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب تک ٹخنہ متاثر کرنے اور مشکل مناظر کی عکسبندی سمیت خود کو ایک بار باتھ روم میں بند کر چکی ہیں۔
مارکیٹ میں فاسٹ فوڈ کے طور پر عام دستیاب سنیکس کھانے کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شوٹنگ کے دوران انہیں زبان سمجھنے سمجھانے کے مسائل بھی درپیش رہے۔شنیرا اکرم نے فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک رومانوی لمحے کا ذکر بھی کیا لیکن اس کی تفصیل نہیں بتائی۔
اپنی روداد بیان کرتے ہوئے انہوں نے یقین دہانی چاہی کہ کیا انہیں منی بیک گارنٹی مل سکے گی؟ فلمی حلقوں کے متعلق شنیرا اکرم جس فلم میں کام کر رہی ہیں وہ ایک مصالحہ فلم’منی بیک گارنٹی‘ ہی ہے۔

فیصل قریشی اور ٹیم کے ساتھ کام کو خوبصورت تجربہ قرار دینے والی شنیرہ نے فلم کے متعلق مزید رازوں سے پردہ نہیں اٹھایا البتہ کچھ نہ کہہ کر بہت کچھ کہہ بھی گئیں۔
شنیرا اکرم کی جانب سے فلم میں کام کرنے کی بات پبلک کی گئی تو متعدد سوشل میڈیا صارفین نے پراجیکٹ اور ان کے کردار سے متعلق مختلف سوالات بھی کیے تاہم پی آر میں ٹویسٹنگ اور ورڈ سپن کے استعمال کی مہارت رکھنے والی شنیرا ان سوالوں کے جواب دینے سے پہلو تہی کرتی رہیں۔ماضی میں یہ خبریں تو سامنے آتی رہی تھیں کہ وسیم اکرم جلد کھیل اور دنیائے فیشن کے بعد فلموں کا رخ کر رہے ہیں۔ فواد خان اور فیصل قریشی کے ساتھ ان کے ربط ضبط بڑھنے نے بعد میں یہ تصدیق بھی کر دی کہ سوئنگ کے سلطان واقعی فلمی دنیا کا رخ کر رہے ہیں۔
شنیرا اکرم نے اگرچہ اپنے پیغام میں تصدیق یا تردید نہیں کی کہ وہ وسیم اکرم کے مقابل کام کریں گی تاہم سوشل میڈیا صارفین کو یقین ہے کہ میاں بیوی فلم میں اکٹھے ڈیبیو کر رہے ہیں۔
وسیم اکرم اور شنیرا اکرم کو شامل کر کے بنائی جانے والی فلم ’منی بیک گارنٹی‘ میں میکال ذوالفقار، فواد خان، فیصل قریشی، جاوید شیخ، حنا دلپذیر، کرن ملک، افضل خان (جان ریمبو) اور مانی بھی کردار نبھائیں گے۔
رواں برس کے اختتام تک فلم ریلیز ہونے کی توقع ظاہر کرتے ہوئے ماضی میں یہ اطلاعات بھی سامنے آ چکی ہیں کہ ’منی بیک گارنٹی‘ کی شوٹنگ کراچی سمیت بیرون ملک بھی کی جائے گی۔’اردو نیوز‘

اپنا تبصرہ بھیجیں