التمش میڈیکل سوسائٹی کے مالکان کے خلاف نیبانوسٹی گیشنز کی منظوری

نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق،ڈپٹی ایم ڈی پی ایس اویعقوب ستارودیگر کیخلاف ریفرنسز کی منظوری دیدی۔ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سابق ایم ڈی پی ایس او اور ڈی ایم ڈی پی ایس او کی تقرری کاالزام ہے جس سے قومی خزانے کو 138.96 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیرصدارت ہیڈکوارٹر ز اسلام آبادمیں ہواجس میں ڈپٹی چئیرمین نیب ، پراسیکیوٹر جنرل اکائو نٹیبلٹی نیب ،ڈی جی آپریشنز نیب اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ نے سابق سینئر رکن بورڈ آف ریونیو حکومت سندھ غلام علی شاہ پاشاہ،سابق سیکرٹری لینڈ یوٹیلائزیشن عبد السبحان میمن ، سابق ڈسٹرکٹ آفیسرریونیو حیدر آبادمحمد سالک، سابق مختیارکر ریونیو گڈا حسین ابرو، سابق سپروائزنگ تپیدارامتیاز سولنگی، قادر بخش اور محمد سلیم کے خلاف بد عنوانی کاریفرنس دائر کرنے کی بھی منظوری دی ۔ ملزمان پر سرکاری زمین کو غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے کاالزام ہے جس سے قومی خزانے کو120 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔اجلاس میں غلام مصطفی پھل سابق سیکرٹری لینڈ یوٹیلائزیشن سندھ،قاضی جان محمدسابق ڈی سی ملیر،عبد السبحان سابق سیکرٹری لینڈ یوٹیلائزیشن،غلام حیدر چانڈیو سابق اسسٹنٹ کمشنر، محمد عارف کلواراسسٹنٹ کمشنربن قاسم ٹائون ملیر، طفیل احمد سابق مختیار کا ر، ذوالفقار علی منگی سابق مختیار کا راورمحمد ایوب کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی بھی منظوری دی گئی ۔ ملزمان پر سرکاری زمین غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے کاالزام ہے جس سے قومی خزانے کو 4کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔ اجلاس میں 7 انکوائریوں کی منظوری دی گئی جن میں برجیس طاہر سابق وفاقی وزیر، سلیم گو رائیہ اور دیگر، مخدوم زادہ سید باسط احمد سلطان ایم این اے مظفر گڑھ اور دیگر، سردار نصراﷲ خان دریشک ایم پی اے راجن پوراور دیگر،خالد سجاد کھوکھر سابق ایم ڈی پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور دیگر اورکینال گارڈن ہاؤسنگ سکیم یزمان روڈ بہاولپور کے مالکان اور دیگر، پنجاب بائیو انرجی کمپنی لمیٹڈ کے افسران و اہلکاران اور دیگراورسائوتھ پنجاب فاریسٹ کمپنی کی انتظامیہ ا فسران و اہلکاران اور دیگر شامل ہیں۔ بورڈ نے 2انوسٹی گیشنز کی منظوری بھی دی جن میں پہلاج مل سابق سپیشل اسسٹنٹ ٹو وزیر اعلیٰ سندھ اورالتمش میڈیکل سوسائٹی کے مالکان، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران اور دیگرشامل ہے ۔نیب نے رحمان میڈیکل کالج پشاور اور دیگر کے خلاف انکوائری اب تک عدم شواہد کی بنیاد پربند کرنے ، منسٹری آف پرائیوٹائزیشن ،پی ٹی سی ایل کے افسران /اہلکاران میسرز اتصلات اور دیگر کے خلاف انکوائری حکومت کو ریفر کرنے کی منظوری دی ۔اس موقع پر چیئرمین نیب نے کہا نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے ۔ 178 ارب روپے بلواسطہ اور بلا واسطہ طور پر بدعنوان عناصر سے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے ،نیب کی سزا دلوانے کی مجموعی شرح تقریباََ70 فیصدہے ، اس وقت 1275 بدعنوانی کے ریفرنسز احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں جن کی مالیت تقریباََ943 ارب روپے ہے ، تمام ڈائریکٹر جنرلز شکایات کی جانچ پڑتال ، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز مقررہ وقت کے اندرمنطقی انجام تک پہنچائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں