بھیک مانگنے کے رجحان کی حوصلہ شکنی کرنی چاہئے

وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ ہمیں خصوصی افراد میں بھیک مانگنے کے رجحان کی حوصلہ شکنی کرنی چاہئے اور انہیں بااختیار بنانا چاہئے تاکہ وہ اپنی روزگار خود کماسکیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر میں انوویٹیو ایونٹ پلانر کی چیف آپریٹنگ آفیسر ہما اکبر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ خصوصی افراد کو بااختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے اور اس مقصد کے لئے ہم انہیں پیشہ ورانہ تربیت فراہم کررہے ہیں۔ ہما اکبر نے معاون خصوصی برائے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ روٹری انٹرنیشنل کلب ڈسٹرکٹ کراچی کے تحت فنڈ ریزنگ پروگرام کا اہتمام کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ روٹری کلب کراچی نے 800 معذور افراد کو پیشہ ورانہ تربیت دیے کران کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کے قابل بنایا ہے۔ وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی نے یقین دلایا کہ حکومت سندھ غیر سرکاری تنظیموں کی مکمل مدد کررہی ہے ۔ خصوصی افراد کے بہتر مستقبل کے لئے کام کررہی ہے ، اور آئندہ بھی اس مقصد کے حصول کے لئے تعاون جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں