لندن کے باسیوں کی عزم و ہمت کی مثال، بس کے نیچے دبی خاتون کو بچالیا

اگر ہم کسی شخص کو مشکل میں دیکھتے ہیں اور بالخصوص ایسی حالت میں جب کسی کی جان جانے کا خطرہ ہوتا ہے تو اسے بچانے کی ہمت پیدا ہو ہی جاتی ہے۔

ایسا ہی کچھ لندن کی سڑکوں پر دیکھنے میں آیا جب لوگوں نے عزم و ہمت کی مثال قائم کرتے ہوئے بس کے نیچے دبی خاتون کو بچالیا۔

غیر ملی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ لندن کے اولڈ کینٹ روڈ پر پیش آیا جہاں سڑک پار کرتی خاتون کو ایک بس نے ٹکر مار دی اور اسی دوران خاتون اس گاڑی کے نیچے دب گئی۔
وہاں موجود راہگیروں نے جب یہ منظر دیکھا تو گاڑی کے نیچے دب جانے والے والی اس نیم بیہوش خاتون کو نکالنے کی کوششیں شروع کردیں۔

لوگوں نے ایک ساتھ گاڑی کو اوپر کی جانب اٹھایا اور خاتون کو کھینچ کر اس کے نیچے سے نکال لیا۔

خاتون گاڑی کے ٹائر کے نیچے آنے سے بال بال بچ گئیں تھیں، تاہم نیم بیہوشی میں جانے کی وجہ سے اسے گاڑی کے نیچے سے بغیر کسی نقصان کے نکالنا مشکل ہوگیا تھا
ریسکیو ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں جہاں خاتون کو فوری طبی امداد دی گئی جبکہ بعد میں ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔

اس حوالے سے پولیس کی ترجمان نے تصدیق کی کہ خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے، جبکہ اس واقعے کے بعد سے اب تک کسی کو گرفتار بھی نہیں کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں