انور مجید کے حوالے سے کیا پیش رفت ہے جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ

احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور انکی ہمشیرہ فریال تالپور کیخلاف جعلی بینک اکائونٹس ریفرنسز پر سماعت 3 مارچ تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے نیب کو تمام ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ منگل کو احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے سابق صدر آصف علی زرداری اور انکی ہمشیرہ فریال تالپور کے خلاف دائر میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز پر سماعت کی ۔
سماعت کے دوران فریال تالپور سمیت عدالت میں موجود دیگر ملزمان کی حاضری لگائی گئی جبکہ آصف زرداری کی جانب سے انکے وکیل فاروق ایچ نائیک نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

فاضل جج اعظم خان نے استفسار کیا کہ انور مجید کے حوالے سے کیا پیش رفت ہے جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ انور مجید کو کراچی سے لانے کے حوالے سے نیب ہیڈ کوارٹرز کو لکھا ہے،ریفرنس میں نامزد ایک ملزم پلی بارگین بھی کرنا چاہتے ہیں ،نیب پلی بارگین کی رقم کے حوالے سے معلومات اکھٹی کر رہا ہے،وکیل صفائی فاروق ایچ نائیک نے دلائل دیے کہ اس کیس میں ابھی تک ہمیں ریفرنس کی نقول بھی فراہم نہیں کی گئی،عدالت نیب کو ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کی ہدایت کرے،عدالت نے نیب کو تمام ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 3 مارچ تک ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں