وزیر اطلاعات سندھ کا آئی جی سندھ کو چھٹی پر جانے کا مشورہ

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے آئی جی سندھ پولیس سید کلیم امام کو چھٹی پر جانے کا مشورہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیگر صوبوں میں فوری طور پر 4 سے 5 آئی چیز تبدیل ہو جاتے ہیں لیکن سندھ میں نہیں ہوتے۔ ناصر حسین شاہ نے آئی جی سندھ کو چھٹی پر جانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کلیم امام سینئر افسر ہیں مسئلہ حل کرنے کے لیے فوری چھٹی پر چلے جائیں۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں آئی جی اس لیے تبدیل نہیں ہوتے کیوں کہ یہاں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پورے پاکستان میں آپ کو کہیں ترقیاتی کام نظر آئے گا تو وہ سندھ ہے جہاں ترقیاتی منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں اور کچھ مکمل ہوچکے ہیں جن کا افتتاح چیئرمین پیپلزپارٹی نے کیا تھا۔ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی 131 اسکیمز جاری ہیں جس میں کراچی کی 17 اسکیمز ہیں جن کے آئندہ آنے والے مہینوں میں افتتاح کیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سندھ اسمبلی عوام کے منتخب کردہ لوگوں کی ہے، عوام کے منتخب کردہ ایوان نے آئی جی سندھ کو مسترد کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں