کراچی میں ایک ہی دن میں آوارہ کتوں کے کاٹنے سے 47 افراد زخمی

کراچی : سرجانی ٹاؤن میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے چھ سالہ بچی شدید زخمی ہوگئی، کراچی میں ایک ہی دن میں کتوں کے کاٹنے سے 47افراد زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں چھ سالہ بچی کو آوارہ کتے کے کاٹنے کا واقعہ پیش آیا ہے، سربراہ بیت المال سندھ نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ بچی کا مکمل علاج کرانے کی ہدایت کی ہے۔ اس حوالے سے سربراہ بیت المال جنید لاکھانی کا کہنا ہے کہ کراچی میں ایک ہی دن میں کتوں کے کاٹنے کے سینتالیس واقعات سامنے آئے ہیں، محکمہ صحت کو جگانے کیلئے بھی ویکسین کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سگ گزیدگی کے واقعات پر کنٹرول کرنے میں سنجیدہ نہیں، ذرائع کے مطابق انڈس ہسپتال کراچی میں کتوں کے کاٹے 25 زخمیوں کو لایا گیا۔ ‏عباسی شہید ہسپتال میں ایک بچے سمیت 4 افراد کو لایا گیا‏، جناح ہسپتال میں 11 زخمیوں کو جبکہ لیاری جرنل ہسپتال میں 7 زخمیوں کو طبی امداد کیلئے لایا گیا۔یاد رہے کہ 14 نومبر 2019کو پیپلز پارٹی کے آبائی شہر لاڑکانہ میں سگ گزیدگی کا ہولناک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں چھ سال کاحسنین اپنے کھیتوں کی طرف جارہاتھاکہ راستےمیں چھ سےسات کتوں نےحملہ کردیا۔ حملے سے حسنین کے ناک اور سر کے پچھلے حصے پر گہرے زخم آئے تھے، حسنین بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں